اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف پاکستان کے عوام کے دلوں میں حکومت کرتے ہیں ،باشعور محب وطن لوگوں نے دھرنے دینے والوں کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ 2018 کے عام انتخابا ت میں دھرنا پارٹی کو اپنی اوقات کا اندازہ ہو جائیگا ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکزی کوآرڈینیٹر پاکستان مسلم لیگ ن سردار ابرار ریاض خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے گزشتہ ساڑھے چار سا ل کے دوران پاکستان کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وزیر اعظم بننے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، عمران خان وزیر اعظم بننے کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا چکے لیکن ان کو ہمیشہ شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، جہانگیر ترین کی نااہلی کے بعد عمران خان دوغلے پن کا شکار ہوچکے ہیں، اب ان کو ہر جگہ شکست ہوگی 2018 کے الیکشن میں شیر دھاڑے گا اور عوام کی عدالت میں فتح پاکستان کے شیروں کی ہوگی ۔شیر کا نشان تعمیر وترقی کا نشان ہے ۔