وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) کوئٹہ میں دہشت گردی قابل مذمت ہے۔ بلوچستان پولیس، کانسٹیبلری اور دیگر فورسز اپنی جانوں پر کھیل کر دہشت گردی کا خاتمہ کررہی ہیں۔ اسی وجہ سے دہشت گردوں کی جانب سے بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار برطانیہ میں آزاد کشمیر (ن) لیگ کے صدر زبیر اقبال کیانی، چوہدری جہانگیر، راجہ محمود، چوہدری عبدالرحمن آرائیں، راجہ توصیف کیانی کوآرڈینیٹر یوتھ ونگ، سردار نفیس اگہاروی، راجہ امجد اقبال فاروقی ترجمان، راجہ نواز خان، طارق جمیل راجہ، سردار محمد فاروق، راجہ ماسٹر اور دیگر نے کوئٹہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کیا۔ ان رہنمائوں نے کہا حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو موثر اقدامات کررہی ہے اس سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ وہ اب اپنا احساس دلانے کے لیے عوام کے جان و مال سے کھیل رہے ہیں۔ رہنمائوں نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے اپیل کی پاک افغان بارڈر پر سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ یہ دہشت گردی ختم ہوسکے اور دہشت گردی کے خاتمے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔ غیر ملکی قوتیں پاکستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہیں۔ ان کے ناپاک عزائم کو افواج پاکستان کے تعاون سے ہمیشہ کے لیے ختم کردیا جائے گا۔ ان رہنمائوں نے کہا بھارت مسئلہ کشمیر پر توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک کے اندر دہشت گردی کو مکمل سختی سے کچل دیا جائے۔