کوہاٹ(نمائندہ جنگ+اے این این)کوہاٹ پولیس نے خاتون کو جنسی طور پرہراساں کرنے کے جرم میں د و افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔زیر حراست افراد میں اشتہاری مجرم شکیل بھی ہے جو تحریک انصاف کے ایم پی اے کا بھائی ہے، جسکے خلاف متعددمقدمات درج ہیں ۔رکن اسمبلی گل صاحب کے بھائی شکیل نےساتھیوں سمیت گھر میں گھس کر زیادتی کی کوشش کی،پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے،پولیس ذرائع کے مطابق خٹک کالونی میں رہائش پزیر کرک کی رہائشی خاتون مسماۃ(الف) نے تھانہ محمد ریاض شہید میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ دو مبینہ افراد اس کی عزت کے درپے ہیں اور کچھ روز قبل نشے میں دھت اس کے گھر کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور اسلحہ کی نوک پر ہراساں کیااور زبردستی اس کی عزت پامال کرنے کی کوشش کی اور اس دوران ملزمان نے ڈرانے دھمکانے کیلئے فائرنگ بھی کی ۔خاتون کی رپورٹ پرکاروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم شکیل سکنہ کرک حال ڈیفنس کالونی کو شدید مزاحمت کے بعد اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ۔ادھراے این این کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ایم پی اے گل صاحب کے بھائی شکیل کو زیادتی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ آمنہ نامی خاتون نے تھانے جا کر ایم پی اے گل صاحب کے بھائی شکیل کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا کہ ملزم شکیل نے ساتھیوں سمیت ان کے گھر میں گھس کر ان کے ساتھ زیادتی کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے آمنہ کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم شکیل کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے ۔