وہ اِک شعر ہے ناں،؎ ’’کُھلی کتاب کے صفحے الٹتے رہتے ہیں…ہوا چلے نہ چلے، دِن پلٹتے رہتے ہیں‘‘، تو یوں ہی دِن پلٹتے پلٹتے موسم بھی بدل جاتے ہیں۔ کبھی چار اطراف سرد ہوائیں رقصاں ہوتی ہیں، کبھی گرم لُو کے تھپیڑے جسم و جاں جھلسانے لگتے ہیں اور ان ہی دو موسموں کے بیچ خزاں اور بہار کی رُتیں بھی ہیں۔
جیسے کہ اِن دِنوں بہار اپنے پورے جوبن پر ہے۔ رنگوں، پھولوں، خوشبوئوں نے ایسے گھیرا ڈالا ہوا ہے کہ دیکھ کر طبیعتوں، مزاجوں میں بھی تازگی و شگفتگی، رنگینی و شوخی سی دَر آئی ہے۔ اور اب اِسے بہار رُت کا اثر ہی کہہ لیں کہ آپ ہی آپ دِل بھی سجنے سنورنے کو مچلنے لگا ہے۔ تو لیجیے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ہماری بزم موسم و ماحول سے عین ہم آہنگ ہی ہے۔
ذرا دیکھیے، جیٹ بلیک رنگ میں چکن اسٹائل نیٹ کا شارٹ کُرتا بنارسی فیبرک کے آف وائٹ بیل باٹم کے ساتھ کس قدر کِھل رہا ہے۔ کُرتے کے گلے پر جیولری اسٹائل موتی، نگوں کی آرایش ہے، تو پورے فرنٹ پر گولڈن، سلور چَھن بھی پڑے ہیں۔
برائٹ ٹرکوائز رنگ میں نیٹ کی ایمبرائڈرڈ کُرتی کے ساتھ پلین پینسل ٹرائوزر کی جاذبیت ہے، تو لائٹ پِیچ رنگ ایمبرائڈرڈ قمیص کے ساتھ فیروزی رنگ ٹرائوزر کے کامبی نیشن کے بھی کیا ہی کہنے۔
اور پھر آف وائٹ بیل باٹم کے ساتھ سِلک فیبرک میں نیلے، سُرمئی، عنّابی اور سفید رنگوں کے امتزاج میں ڈیجیٹل پرنٹڈ شرٹ کا اسٹائل تو دورِ حاضر کے ساتھ رنگین رُت سے بھی خُوب میل کھا رہا ہے۔
ان میں سے کوئی سا بھی انداز اپنا کے دیکھ لیں، نہ صرف سارے جہاں کی تروتازگی شخصیت میں سمٹ آئے گی، بلکہ اطراف کی ہوا تک مہک اُٹھے گی، رنگِ چمن بدل بدل سا جائے گا اور ہاں، ہماری ماڈل تو کچھ ضرورت سے زیادہ ہی دبلی پتلی ہیں، یہ رنگ و انداز صحت مند خواتین ہی پر نہیں، کسی بھی عُمر اور قد کاٹھ کی خواتین پر بھی خُوب جچیں گے۔