• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ونی منڈیلا کون تھی؟

ونی منڈیلاگزشتہ روز81برس کی عمرمیں انتقال کرگئیں۔انہیں جنوبی افریقا میں نسل پرستی کے خلاف تاریخی جدوجہد کے ایک اہم کردار کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ انقلابی رہنما نیلسن منڈیلا کی سابق اہلیہ تھیں۔وہ 1936 میں ایسٹرن کیپ میں پیدا ہوئی تھیں۔ان کا اصل نام ونی مادِکیزیلاتھا۔

ایک زمانہ تھا جب یہ جوڑاجنوبی افریقا کی اس وقت کی نسل پرستانہ حکومت کے خلاف طویل جدوجہد کی علامت بن گیا تھا۔ونی کی نیلسن منڈیلا سے ملاقات 1950 ءکی دہائی میں اس وقت ہوئی جب وہ سوشل ورکر کی حیثیت سے کام کر رہی تھیں۔ان کی شادی 38 برس تک قائم رہی، تاہم اس دوران تین عشروں تک منڈیلا پابندِ سلاسل رہے۔

ونی منڈیلا کون تھی؟
ونی اور نیلسن منڈیلا کی شادی کے موقو پر لی گئی تصویر

1962ء میں نیلسن منڈیلا کی گرفتاری کے بعد ونی نے اپارتھائیڈ کے خلاف آزادی کی تحریک جاری رکھی۔یہی وجہ تھی کہ افریقی عوام کی طرف سے انہیں بے پناہ محبت ملی۔انہیں پیار سے "اماما وے تھو" یعنی مادرِ ملت کہا جاتا تھا۔ نیلسن منڈیلا کو انقلاب کے رستے پر لگانے کا سہرا بھی ونی کے سر جاتا ہے۔

تاہم یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ نیلسن منڈیلا کی طویل نظربندی کے برسوں میں ونی کی شہرت قانونی اور سیاسی طور پر داغ دار ہونا شروع ہو گئی تھی۔ان پر اغواء اور کرپشن کے الزامات لگے۔ جس کے بعد1996ءمیں دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی۔ تاہم طلاق کے باوجود ونی نے منڈیلا کا نام اپنے ساتھ جوڑے رکھا اور منڈیلا کےانتقال تک ان کے ساتھ تعلق ختم نہیں کیا۔

ونی منڈیلا کی سوانحِ حیات ’ونی منڈیلا۔۔۔ ایک زندگی‘‘ پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ وہ جنوبی افریقا کی واحد خاتون تھیں جنہیں سب سے زیادہ محبت بھی ملی۔ اُن سے لوگ خوفزدہ بھی ہوئے اور وہ عوامی نفرت کا شکار بھی رہیں۔ لیکن ان کی زندگی پر نظر ڈالی جائے تو وہ ایک ایسے مضبوط کردار کے طور پر سامنے آتی ہیں جو کسی بھی سیاسی جدوجہد میں مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔

ونی منڈیلا کی زندگی اور جدوجہد پر ’ونی منڈیلا ‘ کے نام سے ایک فلم بھی بنی ہے ۔جس میں ہالی وڈ اداکارہ جینیفر ہڈسن نے ونی کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم میںان کی زندگی اورسیاسی جدوجہد کی کہانی دکھائی گئی ہے۔ یہ اکیلی خاتون کی جدوجہد ہے جو اپنے شوہر کی عمر قید کے دوران اس کے مشن کو لے کر چلتی ہے اور اپنی قوم کی آزادی کے لیے جدوجہد کرتی ہے۔فلم میں نیلسن منڈیلا کا کردار اداکار ٹیرنس ہاورڈ نے ادا کیا ہے۔


تازہ ترین