• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

س۔السلام علیکم سر! میں سافٹ ویئر انجینئرنگ کا طالب علم ہوں اور اب تک میں 80%تک سافٹ ویئر انجینئرنگ مکمل کرچکا ہوں۔ سافٹ ویئر انجینئرنگ کرنے کے بعد میں چاہتاہوں کہ اپنی باقی تعلیم بیرون ملک سے حاصل کروں۔ میرے بہت سے دوستوں نے مجھے مزید تعلیم کیلئے آسٹریلیا جانے کا مشورہ دیا ہے۔میرا مقصد ہے کہ میں اپنی تعلیم کے علاوہ آسٹریلیا میں کوئی نوکری بھی کروں۔براہِ مہربانی اس معاملے میں میری رہنمائی فرمائیں کہ میں اپنے بہتر مستقبل کیلئے کیا کروں؟ اپنی ماہرانہ رائےسے میری ہر ممکن رہنمائی فرمائیں ۔ میں آپ کا مشکور ہونگا۔(طحہ طارق ۔ کراچی)
ج۔ڈیئر طحٰہ ! اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بہت جلد آپ اپنی BSC (Hons) سافٹ ویئر انجینئرنگ کی ڈگری مکمل کرلیں گے اس کا مطلب ہے کہ آپ ایک بہت منجھے ہوئے سافٹ ویئر ڈیولپر بن جائینگے ۔آپ ان شعبوں میں اپلائی کرسکتے ہیں :Big Data, Internet and Network Security & Cryptography۔ میری ذاتی رائے ہے کہ آپ آسٹریلیا کیلئے اپلائی کریں کیونکہ وہاں آپ تعلیم کے ساتھ ساتھ کام بھی کرسکتے ہیں اور سب سے اچھی تعلیم مکمل کرنے کے بعد آپ امیگریشن بھی لے سکتے ہیں۔ اپنی کمپیوٹر انجینئرنگ ڈگری مکمل کرنے کیلئے آپ کینیڈا اور جرمنی میں بھی اپلائی کرسکتے ہیں۔
س۔السلام علیکم سر ! میرا نام احمد ہے اور میں لاہور سے ہوں۔ میں نے 2013ءمیں فلاسفی میں B.A (Hons) کیا ہے۔ میرا CGPA 2.78تھا اسکے بعد میں نے اپنی قسمت آزمانے کیلئے CSSکا امتحان دیا لیکن انگلش میں ناکام رہا جس کی وجہ سے میری تعلیم میں دو سال کاوقفہ آگیا۔ میںنے 6ماہ کا کمپیوٹرکورس،2ماہ کا امپورٹ، ایکسپورٹ اور 4ماہ بنیادی چائنیز زبان سیکھنے کا کورس پنجاب یونیورسٹی سے کیاہے۔میں ایڈمنسٹریٹو فیلڈ میں دلچسپی رکھتا ہوں ۔کیا آپ میری رہنمائی فرما سکتے ہیں کہ میں کس شعبے کا انتخاب کروں اپنے بہترین مستقبل کیلئے کیونکہ میرے نزدیک فلاسفی کی تعلیم کی پاکستان میں اتنی اہمیت نہیں ہے۔ (احمد بٹ۔لاہور)
ج۔ڈیئر احمد CSSآپ کیلئے ایک اچھی چوائس ہوسکتی ہے لیکن اس کیلئے آپ کو اپنی انگلش بہت بہتر کرنی پڑے گی۔ اسکے علاوہ جہاں تک ایڈمنسٹریٹیو اور مینجمنٹ کی تعلیم کا تعلق ہے اسکا سب سے بہترین آپشن ایم بی اے ایگزیکٹو ہے جس کو آپ کام کیساتھ ساتھ جاری رکھ سکتے ہیں۔ اس طرح آپ کو بہت سے بزنس پر مشتمل مضامین پڑھنے کا موقع ملے گا جیسے کہ امپورٹ، ایکسپورٹ ، مارکیٹنگ اور ہیومن ریسورسز وغیرہ۔
س۔السلام علیکم سر! میں آپ کا کالم باقاعدگی سے پڑھتا ہوں ۔میرا تعلق گلگت بلتستان سے ہے ۔براہِ مہربانی میری رہنمائی فرمائیں ۔ میں نے ماس کمیونیکشن اور پولیٹیکل سائنس میں بی اے کیا ہوا ہے۔ میرا رجحان ایل ایل بی کی جانب ہے۔ (برحان علی۔ گلگت بلتستان)
ج۔ڈیئربرحان! دونوں سیاسیات اور قانون کی ڈگری آپ کیلئے اچھی آپشنز ہیں کیونکہ آپ کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے تو اس بات کا قوی امکان موجود ہے کہ آپ وکیل کے طور پر اپنی پریکٹس شروع کرسکتے ہیں اور اگر آپ سیاسیات میں ڈگری لیتے ہیں تو اپنے صوبے کے سیاسی نوعیت کے مسائل حل کرنے میںبہتر خدمت سرانجام دے سکتے ہیں۔
س۔محترم سر میرا نام محمد امین ہے اور میں ورچوئل یونیورسٹی سے ایم بی اے کر رہا ہوں۔میںنے تین سمسٹر CGPA 3.70کیساتھ مکمل کرلئے ہیں۔مجھے فنانس کا تجربہ ہے اور اب میں چوتھے، آخری سمسٹر میں ہوں۔ میرا سیالکوٹ میں مختلف فرم میں اکائونٹینٹ کا 5سالہ تجربہ ہے۔ ایم بی اے سے پہلے میں نے یونیورسٹی آف پنجاب سے بی کام کیا ہے۔ اس سے قبل میں نے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے D.Comکیا تھا۔
میں سعودی عرب میں اکائونٹینٹ کے طور پر کام کر رہا ہوں۔ ایم بی اے کے بعد میں فنانس میں ایم ایس یا ایم فل کرنا چاہتا ہوں۔ آپ مجھے مشورہ دیں کہ کونسی یونیورسٹیاں ایسی ہیں جو پاکستان یا بیرون ملک میں ایم ایس یا ایم فل آن لائن کراتی ہیں۔ کیونکہ مجھے اپنے مطالعہ کے ساتھ کام بھی کرنا پڑتا ہے۔میں باقاعدگی سے کلاس میں نہیں جاسکتا اور دوسرا مجھے مشورہ دیں کہ کیا مجھے ایم ایس یا ایم فل کرنا چاہئے؟ (محمد امین ۔ سیالکوٹ)
ج۔ڈیئر محمد امین! میرا خیال ہے کہ آپ کے کیریئر کا راستہ بہت ہی صاف اور واضح ہے اگر آپ اپنا ایم بی اے مکمل کر لیتے ہیںتو آپ اگلے دو تین سال بغیر کسی اضافی تعلیم کے کام کرسکتے ہیں۔ میں آپ کو مشورہ دونگا کہ MBAمیں خاص طور ترجیح فنانس کودیں تاکہ آپ اسی میں ایم فل کرسکیں ۔ اگر آپ اپنی ترجیح کو بدلنا چاہیں تو فنانس میں ماسٹرز کر کے بینکنگ کی طرف بھی جاسکتے ہیں۔
(کالم نگار کے نام کے ساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں 00923004647998)

تازہ ترین