71 واں کانز فلم فیسٹیول فرانس میں اپنی پوری رنگینیوں کے ساتھ جاری ہے، جہاں پاکستانی اسٹارماہرہ خان بھی جلوہ گر ہوئیں۔
رواں برس کانز فلم فیسٹیول میں پاکستان کی مقبول اداکارہ ماہرہ خان کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
ماہرہ خان نے اپنے کیریئر کے اس اہم ترین ایونٹ میں شرکت کے لیے کالے رنگ کے گاؤن میں انتہائی دلکش اورخوبصورت نظرآئیں۔
فیسٹیول کے دوران ماہرہ کی بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور سے بھی ملاقات ہوئی۔
سوشل میڈیا پر بھی ماہرہ کی کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کی تصاویر شیئر کی جارہی ہیں۔
ماہرہ خان کی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کانز کے دوران لی گئی تصاویر نے دھوم مچادی ماہرہ فلم فیسٹیول کے دوران دپیکا اورکنگنا سے زیادہ خوبصورت لگ رہی ہیں۔
کانز فلم فیسٹیول میں ماہرہ کی شرکت پر مداحوں سمیت دیگر شوبز اسٹارز بھی اداکارہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔
کانز فلم فیسٹیول کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جبکہ پاکستان سے کسی فنکار کو ریڈ کارپٹ کا حصہ بننے کی دعوت دی گئی تھی اور یہ اعزاز آیا ہے ماہرہ خان کے حصے میں۔
ماہرہ خان کو گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستان میں بین الاقوامی برانڈ لوریل پیرس کی سفیرمقرر کیاگیاتھا لہٰذا ماہرہ اسی برانڈ کی سفیر کی حیثیت سے کانز فلم فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کررہی ہیں۔
ماہرہ نے ریڈ کارپٹ ایونٹ سے قبل اپنی کچھ تصاویر بھی انسٹاگرام پر مداحوں سے شیئر کیں، جنہیں بہت سراہا جا رہا ہے۔
8 مئی کو شروع ہونے والا کانز فلم فیسٹیول 19 مئی تک جاری رہے گا۔