وفاقی وزارت داخلہ نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپورکا نام ای سی ایل سے نکال دیا ۔
ذرائع وزرات داخلہ کے مطابق سیکرٹری داخلہ کے حکم پرآصف زرداری اور فریال تالپورکا نام ای سی ایل سے نکالا گیا ہے۔
گزشتہ دنوں سپریم کورٹ میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کیا تھا تاہم ان کی قانونی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی تھی جس کے بعد عدالت نےایف آئی اے کو الیکشن تک دونوں شخصیات کو نہ بلانے کی ہدایت کی جب کہ ساتھ ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا نہیں کہا۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے نجی بینک سے منی لانڈرنگ کے کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا تھا اور اس حوالے سے انہیں پوچھ گچھ کے لیے طلب بھی کیا گیا تھا تاہم دونوں شخصیات کے وکلاء ایف آئی اےمیں پیش ہوئے تھے۔