اگست کا مہینہ شروع ہوتے ہی ملک بھر میں جشن آزادی کی تیاریاں شروع ہوگئیں اور بازار رنگ برنگی جھنڈیوں اور سبز ہلالی پرچموں سے سج گئے۔
آزادی کے جشن کو پہلے سے زیادہ شاندار انداز سے منانے کے لئے لوگوں نے ماہ اگست کا آغاز ہوتے ہی جشن آزادی منانے کے لئے خریداری شروع کر دی ہے۔
پاکستان کا71واں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلیے زبردست تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئیں، شہرکے گلی کوچوں، محلوں، شاہراہوں،عمارتوں اور دیگر مقامات کوخوبصورتی سے سجایا جارہا ہے۔
جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے بچوں، نوجوانوں اور خواتین میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
شہر بھر میں قومی پرچموں کی بہار آگئی۔
لوگوں کی بڑی تعداد جھنڈے، جھنڈیاں، بیج، سبز رنگ کی شرٹس اور دیگر چیزیں خریدنے میں مصروف ہیں جب کہ بازاروں میں شہریوں کا رش دیکھتے ہوئے دکاندار بھی خوش دکھائی دیتے ہیں۔
کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں بھی بازاروں میں ہر طرف سبز رنگ ہی نمایاں ہے اور لوگ سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں اور دیگر اشیا خریدنے میں مصروف ہیں۔
بچے ہوں یا بڑے ہر کوئی وطن عزیز کی آزادی کے جشن کو خوب سے خوب تر منانے کے لئے خریداری میں مصروف ہے۔