• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 22 دسمبر ، 2018

ایوان صدر آج عوام کیلئے بلا ٹکٹ کھلا ہے

ایوان صدر اسلام آباد آج عوام کے لیے کھلا رہے گا، ایوان صدر میں عوام کا آج بغیر ٹکٹ داخلہ ہو سکے گا۔

ایوان صدر آج صبح 9 سے 12 اور سہ پہر 1 سے 4 بجے تک عوام کے لیے کھولا جائے گا۔

ایوان صدر اسلام آباد میں آنے والوں کو اصل شناختی کارڈز ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ہفتہ 8دسمبر 2018ء کو پہلی بار ایوان صدر کھولا گیا، جس کو دیکھنے کے لیے خواتین ، بچے، نوجوان، اسٹوڈنٹس ایوان صدر پہنچے۔

اس موقع پر ایوان صدر کے وسیع وعریض لان، راہداریاں، استقبالیہ ہال اور باغیچے عام لوگوں سے کھچا کھچ بھرگئے ۔

8 سے 10 ہزار افراد نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ایوان صدر کا دورہ کیا۔

نماز ظہر کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اپنی اہلیہ خاتون اوّل بیگم ثمینہ علوی کے ہمراہ پہنچے توایوان صدر میں آئے ہوئے لوگوں نے ان کا استقبال کیا۔

صدرمملکت اور ان کی اہلیہ لوگوں میں گھل مل گئے، بچوں، خواتین اور نوجوانوں نے صدر او ر بیگم صاحبہ کے ہمراہ سیلفیاں بھی بنائیں۔