• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
محمد ناصر
محمد ناصر | 26 دسمبر ، 2018

13برس بعد”جنون“ کے ری یونین کنسرٹ نے دھوم مچادی


 پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ، شاندار اور رنگا رنگ میوزیکل ایونٹ ”سوپر ہے پاکستان کا جنون“روشنیوں کے شہر کراچی میں منعقد کیا گیا طویل عرصے بعد اہالیان کراچی نے ایک بڑا اور اوپن میوزک ایونٹ انجوائے کیا۔

پیک فرینز سوپر اور جیو کے اشتراک سے سجائی گئی موسیقی کی سب سے بڑی محفل میں ”جنون“ کا جنون دیکھنے کیلئے ہر شخص بے قرار تھا ۔

13برس بعد جنون کے ری یونین کنسرٹ کو دیکھ کر ماضی کی یادیں تازہ ہوگئیں اور ہزاروں لوگوں نے اس کا خیر مقدم کیا۔

موسیقی کے رنگوں سے جھلملاتی شام میں موسم سرد ہونے کے باوجود لوگ بڑی تعداد اپنی فیملیز کے ساتھ اپنے پسندیدہ میوزیکل بینڈ کو داد دینے کیلئے موجود تھے۔

شام کو تقریباًساڑھے 6 بجے اس زبردست میوز ک کنسر ٹ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

”ہے جذبہ جنون تو ہمت نہ ہار“ گیت پر پاکستانیت کا جذبہ اپنے نقطہ عروج پر دیکھا گیا ۔ ہزاروں لوگوں نے ”جنون“ کو تالیوں کی گونج میں خراج تحسین پیش کیا ۔

روشنیوں سے جگمگاتا دلکش اسٹیج عوام میں جوش بھرتا رہا اور جنون کے دیوانے بھی جھومتے رہے ۔ شوبز ستاروں نے بھی اس ایونٹ میں شریک ہوکر چار چاند لگادیئے۔


پاکستانیوں کے ساتھ جنون بینڈ کے غیر ملکی پرستاروں نے خوب انجوائے کیا۔ پاکستان کے سب سے بڑے میوزک میلے میں بچے، بڑے ، مرد، خواتین، بزرگ اور ہر عمر کے لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے جنہیں اسٹیڈیم میں داخل ہوتے وقت ہاتھوں میں خصوصی بینڈز پہنائے گئے تھے۔

جنون گروپ کی پرفارمنس سے پہلے خماریاں، ساؤنڈ آف کولاچی، تماشہ اور لیاری انڈر گراؤنڈ بینڈ کی پرفارمنس پر میوزک لوورز میں کرنٹ دوڑتا رہا۔


”جنون گروپ“ کے علی عظمت ، سلمان احمد اور برائن کی کی آمد ہوئی تو تقریب میں دلکش رنگینیاں بکھیر گئیں۔ لوگوں نے خوب شور مچا کر تالیاں بجا کر اپنے پسندیدہ اسٹارز کا والہانہ استقبال کیا۔

تمام گلوکاروں اور موسیقاروں نے تاریخی پرفارمنس دی ، اس ایونٹ میں صوفی میوزک ، روک اسٹار اور رومانٹک گیتوں کا شاندار امتزاج دیکھا گیا۔ ایک ایک گیت پر لوگ خوشی سے جھوم اُٹھے، گلوکاروں نے بھی خوب داد وصول کی۔

وہاں موجود سیکڑوں لوگوں کی دھڑکنیں موسیقی کے تاروں پر دھیمی اور تیز ہوتی رہیں۔

”جنون“ کے گیتوں پر جنونی پرستار، جوش و جذبے کے ساتھ پُر جوش گیتوں پر دلفریب رقص کرتے دکھائی دیئے۔

ملکی تاریخ کے سب سے بڑے میوزیکل ایونٹ میں گلوکاروں اور موسیقاروں نے تاریخی پرفارمنس دی جن کے گیتوں نے وہاں موجود سیکڑوں لوگوں کے دِلوں کو گرمائے رکھا۔

میوزک میلے کو انجوائے کرنے کیلئے دوپہر2 بجے ہی گیٹس کھول دیئے گئے تھے جہاں عوام کی بڑی تعداد گیٹ کے اندر داخل ہونے کیلئے بے قرار تھی، اکثر نوجوان اپنے والدین کو کنسرٹس میں لیکر جاتے ہیں لیکن پہلی بار دیکھا گیا کہ والدین اپنے نوجوان بچوں کو اپنے دور کے میوزک بینڈ کو سنانے کیلئے اِنہیں اپنے ساتھ ایونٹ میں لارہے تھے۔

پاکستان کا سب سے بڑا میوزیکل میلہ کراچی کے ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب معین خان کرکٹ اکیڈمی میں سجایا گیا ۔ 25دسمبر کی سرد رات کو جنون اور دیگر بینڈ کی موسیقی سے عوام کو گرمائش ملتی رہی۔ رقص و رنگ بھی ہم آہنگ تھے۔


ایونٹ کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے، پولیس، رینجرز اور انتظامیہ کے سیکڑوں افراد نے سیکورٹی فراہم کی۔

شاندار انتظامات کے سبب ایونٹ میں کوئی بھی نا خوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

رقص،ہلاگلہ ، موسیقی اور بھر پور رنگینیاں سمیٹے ”سوپر ہے پاکستان کا جنون“ ایونٹ اپنے اختتام کو پہنچا ۔