• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنول بہزاد،لاہور

وہ سُرخ اینٹوں سے بنی اُس قدیم طرز کی پُرشکوہ عمارت میں داخل ہوئی، تو صحن میں گرے پتّے قدموں تلے آکے جیسے فریاد کُناں ہوگئے۔ عمارت میں خلافِ معمول خاموشی تھی۔ مُلک میں ہونے والے دہشت گردی کے پے درپے واقعات نے سب کو سہما کے رکھ دیا تھا۔ گو حکومت نے ابھی چُھٹیوں کا اعلان نہیں کیا تھا، مگر پھر بھی بچّوں کی حاضری بہت کم تھی۔ یہ ایک چھوٹا سا پرائیوٹ اسکول تھا اور امینہ یہاں بطور پرنسپل اپنی ذمّے داریاں نبھا رہی تھی۔ اُس نے سارے کلاس رومز کا راؤنڈ لیا، تاکہ بچّوں کی تعداد کا اندازہ ہوسکے، پھر ٹیچرز سے کلاسز ہی میں اسمبلی کروانے کا کہہ کر واپس دفتر آبیٹھی۔ ضروری کام نمٹاتے نمٹاتے بریک کا ٹائم ہوگیا۔ بریک کے دوران بھی بچّوں کو کلاسز میں رہنے کی ہدایت تھی۔ کنال پر بنی ہوئی اس رہائشی کوٹھی میں سیکورٹی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر تھے، یوں وہ بچّوں کو صحن میں نکال کر کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتی تھی۔ اُس نے مختلف کلاس رومز میں جاکر بچّوں کولنچ کرتے دیکھا۔ اُسے یوں لگا، جیسے بچّوں کے چہروں کی چمک دمک ماند پڑ گئی ہے۔ ہنسی کی کھنک کہیں کھوگئی ہے۔ اُس نے جان بوجھ کر بچّوں سے کچھ ہلکی پھلکی باتیں کیں، وہ اُنہیں مُسکراتا دیکھنا چاہتی تھی۔ ایک دُکھ کی اَنی اس کے دِل میں گڑی رہتی تھی کہ ان بچّوں کو وراثت میں کیا ملا ہے۔ ڈر، خوف اور خدشات… اُن کے حال اور مستقبل کو ماضی کسی خوں آشام درندے کی طرح چاٹ رہا تھا۔

چُھٹی تک اسکولوں کو بندرکھنے کے احکامات آگئے تھے، لہٰذا بچّوں کو اطلاع کردی گئی۔ وہ تھکے ہوئے ذہن اور مضمحل وجود کے ساتھ گھر میں داخل ہوئی۔ گھر میں پھیلے سنّاٹے نے اُس کا اِستقبال کیا۔ اُس نے وحشت زدہ ہوکر اونچی آواز میں ٹی وی لگادیا، مگر ہر چینل پر جیسے ایک سی خبریں چل رہی تھیں۔ ریٹنگ کے چکر میں سارے چینل عوام کو اور بھی ہراساں کرنے پر تُلے ہوئے تھے۔ وہ چینل پر چینل بدلتی رہی، آخر ایک پر آکر ٹھہر گئی۔ جہاں شادی کا سین چل رہا تھا۔ دلہن سُرخ رنگ کے زرتار جوڑے میں ملبوس سکھیوں کے درمیان بیٹھی تھی، جو ڈھولک پر کوئی گیت الاپ رہی تھیں۔ وہ ماضی کے دھندلکوں میں کھو گئی۔ تصوّر میں اُس نے خود کو دلہن بنے دیکھا۔ بائیس سال کی عُمر میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی امینہ، آج کی امینہ سے کس قدر مختلف تھی۔ اُس وقت دِل جیسے حسیں خوابوں اور تصوّرات کی آماج گاہ تھا اور زندگی تتلی کے پَروں کی طرح خُوب صُورت، اور تتلی کے پَروں جیسی زندگی کے رنگ بھی بَھلا پائیدار ہوسکتے ہیں۔ اسکرین پر دلہن والدین کے سینے سے لگ کر رخصت ہورہی تھی۔ آنسو پونچھتی ماں کو دیکھ کر اُسے اپنی ماں کا بے ریا اور معصوم ساچہرہ یاد آگیا۔ اُسے تو اپنی ماں کا چہرہ ایسا ہی دکھائی دیتا تھا۔ اُس کی سادہ لوح ماں نے کتنے دُکھ سہے تھے۔ اُس نے اپنی ماں کو ساری زندگی کولہو کے بیل کی طرح دوسروں کی خدمت کرتے ہی دیکھا تھا۔ ابّا کے بھرے پُرے خاندان میں جیسے امّاں کی کوئی شناخت ہی نہ تھی۔ امینہ تمام عُمر ترسی تھی ماں کو کُھل کر ہنستا دیکھنے کے لیے، ڈھیر ساری باتیں کرنے کے لیے اور لاڈ اُٹھوانے کے لیے، مگر امّاں کی کٹھن زندگی میں کچھ بھی روایتی نہ تھا، کتنے ہی شکوے اُس کے دِل میں جمع ہو ہو کر گل سڑ گئے تھے، جو اُس نے بہت برسوں بعد اپنے ہاتھوں سے دفنا دیئے۔ دراصل وہ بہت دیر بعد ماں کی روح کی زیارت کرسکی۔ ایک اُجلی شفّاف، بے ریا اور بے لوث روح۔ ماں کو تو اظہار کا سلیقہ ہی نہیں آتا تھا، مگر امینہ چُپ چاپ بیٹھی ماں کو اندر سے پڑھ لینے کا ہنر جان گئی تھی بلکہ پھر تو اُسے ماں کے بولنے سے ڈر لگنے لگا کہ ماں جو کچھ سہتی آئی تھی، اگر اُس کا حساب مانگ لیا تو…بے حس سُسرالیوں اور سخت گیر شوہر نے ماں کو اپنے بچّوں پہ محبّت نچھاور کرنے کا وقت ہی کہاں دیا تھا۔ امینہ اب کبھی ماں کے سینے سے لگتی، تو اندر باہر سے اس کی محبّت میں پور پور بھیگ جاتی۔ اُسے لگتا، وہ امینہ نہیں رہی’’ماں‘‘ہوگئی ہے۔ موبائل فون کی گھنٹی نے اُس کے خیالات کا تسلسل توڑ دیا۔ اُس کے شوہر فرقان کا فون تھا۔ وہی معمول کی بے کار سی باتیں، جن کا جواب وہ کمالِ ضبط سے دینا سیکھ گئی تھی۔ ’’ نہیں کوئی مسئلہ نہیں، مَیں بالکل ٹھیک ہوں۔ ہاں…ٹی وی دیکھ رہی تھی( ہنستے ہوئے) بڑے مزے کا ڈراما چل رہا تھا۔ ٹور لمبا ہوگیا ہے، تین دِن اور… چلیں آپ بے فکر ہوکر اپنا کام کریں۔ اللہ حافظ۔‘‘

اندرونی دروازے پہ کوئی دستک دےرہا تھا۔ اُس نے اُٹھ کر دروازہ کھولا اور روبی کو دیکھ کر مُسکرادی۔ یہ پیاری سی زندہ دِل لڑکی اُسے بہت اچھی لگتی تھی۔ ’’چائے پینے کو بہت دِل کررہا تھا، سوچا آپ کے ساتھ بیٹھ کر پیوں۔‘‘ ’’تو جاؤ، روکا کس نے ہے؟‘‘ امینہ نے اُسے کچن کا راستہ دکھایا۔ گرما گرم چائے کا کپ ہاتھ میں تھام کر وہ مکمل طور پر روبی کی طرف متوجّہ ہوگئی۔ اب اُسے صرف روبی کو سُننا تھا۔ اُس کے کالج اور دوستوں کے قصّے، گھر میں موجود اِکلوتی بھابھی کی کارستانیاں اور نہ جانے کیا کیا…یہ لوگ امینہ کے چھوٹے سے گھر کے اوپری پورشن میں گزشتہ دوسال سے مقیم تھے۔ امینہ کی سب سے اچھی سلام دُعا تھی، ہاں! روبی سے دوستی ذرا زیادہ تھی۔ اُس کے اکیلے پَن کو روبی کی رفاقت بڑی ڈھارس دیتی تھی۔ روبی کے جانے کے بعد پھر جیسے سنّاٹا سا چھا گیا۔ وہ بے وجہ اِدھر اُدھر کے کاموں میں خود کو اُلجھاتی رہی۔ گھر میں کچھ کرنے کو تھا ہی نہیں۔ ایک دِن گھر سیٹ کرتی، تو اگلے کئی دِن گھر جوں کا توں اُس کا منہ چڑاتا رہتا۔ سات سالہ شادی شدہ زندگی اُس کے آنگن میں کوئی پھول نہیں کِھلا سکی تھی اور اب کچھ عرصے سے وہ فرقان کو خود سے دُور، مزید دُور جاتا دیکھ رہی تھی۔ اُس کے کاروبار کی نوعیت تو شروع ہی سے ایسی تھی، مگر اب وہ کئی کئی دِن گھر واپس نہ آتا تھا۔ امینہ آج کی پڑھی لکھی عورت تھی، مگر جانے کیوں ماں کی طرح نہ اپنے حق کے لیے لڑتی تھی، نہ اِحتجاج کرتی تھی۔ ایک خاموشی دونوں کے تعلق کے بیچ دَرآئی تھی، شاید امینہ بزدل تھی، جو اس خاموشی کے ٹوٹنے سے ڈرتی تھی۔

اگلے دِن اُسے چھوٹی بہن کی زبانی ماں کی علالت کی خبرملی، تو اُس نے حیدرآباد جانے کا قصد کرلیا۔ اسکول بند تھے اور فرقان کی آمد کا کوئی پتا نہ تھا۔ ماں بہت کم زور ہوگئی تھی۔ اُسے بار بار بخار چڑھ رہا تھا اور کھانسی شدّت اختیار کرگئی تھی۔ اُس رات امینہ نے چھوٹی بہن سے کہا، ’’آج مَیں امّاں کے ساتھ سوؤں گی۔ تم تھک گئی ہو، دوسرے کمرے میں آرام کرلو۔‘‘ ماں ساری رات بے چین رہی۔ اُس کا سینہ دھونکنی کی طرح چل رہا تھا۔ رات کا جانے کون سا پہر تھا کہ آدھی سوئی، آدھی جاگی امینہ کو ماں نے آواز دی، ’’جی امّاں…؟‘‘ وہ فوراً ماں کی طرف متوجّہ ہوئی۔ ’’امینہ! اگر مَیں مَرجاؤں، تو ایک کام کرنا۔ میرے وجود پر ایک سُرخ گوٹے والی چُنری ضرور ڈالنا…۔‘‘ ’’امّاں! آپ کیسی باتیں کررہی ہیں، کچھ نہیں ہوگا آپ کو…۔‘‘ امینہ نے دہل کر جیسے خود کو تسلّی دی۔ اگلے چند دِن میں ماں کی طبیعت بہتر ہوگئی، مگر امینہ کے ذہن میں ماں کی کہی ہوئی بات بار بار گردش کرتی رہی۔ وہ واپس کراچی آکر معمول کی زندگی میں گم ہوگئی۔

اسکول کُھل گئے تھے کہ ایک روز عجیب واقعہ ہوا۔ اسکول کا چپڑاسی بھاگا بھاگا اُس کے پاس آیا اور بولا، ’’میڈم جی! کوئی بچّہ باہر صحن میں نہ آئے۔ آپ بھی اندر ہی رہیں۔‘‘ ’’کیوں کیا ہوا، خیریت ہے؟‘‘ امینہ نے چونک کر پوچھا۔’’باہر تھوڑی دیر کے لیے مَیّت رکھنی ہے۔‘‘ ’’کیا…؟‘‘ امینہ جھنجھلا سی گئی۔ بعد میں پتا چلا کہ یہ مَیّت اس کوٹھی کی سابقہ مالکن کی تھی، جو زندگی کا طویل عرصہ یہاں مقیم رہی، مگر بعد میں بیٹوں کی ضِد کے آگے مجبور ہوکر اِسے بیچ دیا۔ اب اُس کی آخری خواہش کے احترام میں مَیّت کو کچھ دیر کوٹھی کے صحن میں لاکر رکھنا تھا۔ مَرنے سے پہلے اُس نے بیٹوں سے استدعا کی تھی کہ مجھے اُس پُرانے گھر سے آخری آرام گاہ تک لے جانا، جس کے دَر و دیوار سے جانے اُس کی کیسی کیسی یادیں جڑی تھیں۔ امینہ نہ چاہتے ہوئے بھی کھڑکی سے آنکھیں لگائے اُس عورت کو دیکھتی رہی، جو اب مَیّت میں تبدیل ہوچُکی تھی یا شاید دُنیا والوں کو اُس کی موت کا اِدراک اب ہوا تھا۔ اس نے اسکول کے دَر و دیوار کو بہت غور سے دیکھا۔ ایک الگ نظر سے، وہ عورت اُسے ہر جگہ دکھائی دی۔ سیڑھیاں اُترتے چڑھتے، میز پر شوہر اور بچّوں کے لیے کھانا لگاتے، گھر کو سجاتے سنوارتے، گھر کے ڈھیر سارے چھوٹے موٹے کام کرتے، بچّوں کو اسکول کے لیے تیار کرتے، آئینے کے سامنے بیٹھ کر سنگھار کرتے، شام کو شوہر کا استقبال کرتے، اور پھر ایک دِن نم آنکھوں اور خالی دِل کے ساتھ دروازہ پار کرتے۔ ’’ہم عورتیں بھی ناں…‘‘ امینہ نے سَر جھٹک کر اُن مناظر کے اثر سے نکلنے کی سعی کی، مگر گھر آکر بھی عجیب سی بے چینی، بے کلی اس کے وجود کا احاطہ کیے رہی۔ اُسے، اس رات ماں کی کہی بات کا پس منظر سمجھ آیا۔ ایک بار ماں نے اُسے بتایا تھا کہ جب اُس کی شادی ہوئی تھی، تو سہاگ کے جوڑے کے ساتھ سُرخ گوٹے والی چُنری نہ تھی، جسے اوڑھ کر دلہن، ’’دلہن‘‘ لگتی ہے۔ نیلے رنگ کا ایک مُستعار لیا ہوا آنچل اوڑھا کر اُسے رخصت کردیاگیا تھا۔ ماں نے تمام عُمر سہاگ کے سُرخ آنچل کی حسرت میں گزار دی تھی۔ پھر چندسال پہلے امینہ کے باپ کا اِنتقال ہوا، تو ماں نے جیسے رنگ اپنی زندگی سے ہمیشہ کے لیے ہی نکال دیئے۔ اور اب اُس رات ماں نے اپنی حسرتِ ناتمام کو کس طرح پورا کرنے کی خواہش کی تھی۔ امینہ کا دِل کرچی کرچی ہوگیا۔ اُسے محسوس ہوا کہ کتنی ہی عورتیں اُن عقوبت خانوں کی دیواروں کو اونچا اور اونچا کرنے میں لگی ہیں، جن میں وہ صدیوں سے محبوس ہیں اور وہ ’’ خود‘‘ بھی تو اُسی قطار میں کھڑی تھی۔ اچانک اُسے کچھ یاد آیا۔ وہ بھاگی بھاگی اسٹور میں گئی۔ برسوں پُرانا ایک اٹیچی نکال کر بڑی مشکل سے کھولا اور آخر ڈھیر سارے کپڑوں کی تہہ کے نیچے پڑی سُرخ کڑھائی والی وہ خُوب صُورت گرم چادر باہر نکال لی۔ شفّاف پولی تھین کے لفافے میں پیک وہ چادر روزِاوّل کی طرح دمک رہی تھی۔ یہ چادر اُس نے خاص طور پر اپنے جہیز کے لیے سوات سے خریدی تھی اور سوچا تھا کہ جب وہ فرقان کے ساتھ ان حسیں وادیوں میں دوبارہ آئے گی، تو اِسے اوڑھ کر زندگی کے سارے خُوب صُورت رنگ پلّو میں باندھ لے گی، مگر فرقان کو ان سات سالوں میں فرصت ہی نہیں ملی کہ وہ امینہ کو کہیں گھمانے لے جاتا۔ سو، یہ آج تک امینہ کے دِل کی حسرت کی طرح دبی پڑی تھی۔

’’امینہ آپی… امینہ آپی کہاں ہیں آپ؟‘‘روبی اسے آوازیں دے رہی تھی۔ وہ چادر ہاتھ میں لیے اسٹور کی حبس زدہ فضا سے باہر نکل آئی۔ روبی نے بے تکلّفی سے چادر اُس کے ہاتھ سے جھپٹ لی اور بولی، ’’ہائے اللہ! کتنی خُوب صُورت چادر ہے۔ اتنی نفیس کڑھائی ،یہ کہاں سے لی آپ نے، اب تو ایسا کام بہت کم دیکھنے میں آتا ہے۔‘‘ ’’یہ میری طرف سے تحفہ ہے تمہارے لیے…‘‘ امینہ نے گہری سانس لے کر مُسکراتے ہوئے روبی کو جواب دے کر نگاہیں جُھکا لیں۔ 

تازہ ترین