کراچی کو پاکستان کا تجارتی مرکز کہا جاتا ہے اور یہ ایک ایسا شہر ہے جہاں کروڑوں کی تعداد میں لوگ بستے ہیں۔ یہ شہر اپنی مصروف تجارتی سرگرمیوں، رنگینیوں اور روشن راتوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ کراچی میں لوگوں کی سب سے نمایاں اور پسندیدہ تفریحی سرگرمی گھومنا پھرنا ہے اور جب بات گھومنے پھرنے کی آئے تو اکثر لوگ اپنے دوستوں یا رشتے داروں کے ساتھ مل کر کسی ہوٹل یا ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔
کراچی کے رہائشیوں میں سیر و تفریح کو فروغ دینے میں فوڈ اسٹریٹس کا اہم کردار ہے، اگر کراچی میں امن و امان کی صورتحال برقرار رہے تو یہ فوڈ اسٹریٹس کراچی کی معاشی ترقی میں بہت حد تک مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔کراچی کی چند مقبول ترین فوڈ اسٹریٹس جو نہ صرف کرا چی میں بلکہ پورے پاکستان میں مشہور ہیں۔
پورٹ گرینڈ
کراچی میں واقع پورٹ گرینڈ ایشیا کی سب سے بڑی فُوڈ سٹریٹ ہے۔ یہ کھانے، تفریح، سیر و سیاحت، خریداری کے شوقین افراد کے لیےجگہ ہے۔ یہ تاریخی ریلوے ٹریک اور بندرگاہ کے سنگم پر واقع فوڈ اسٹریٹ ہے۔ گرمی میں سمندر کے کنارے چہل قدمی کا مزہ ہی کچھ اور ہے لیکن یہاں عام افراد کھانا بھی کھاتے ہیں اور پورٹ میں لنگر انداز بحری جہازوں کا نظارہ بھی دیکھتے ہیں۔ یہاں پر وائی فائی کی سہولت بھی موجود ہے اور بہت سے کھانے پینے کی اشیاء اور خریداری کے اسٹال بھی لگے ہوئے ہیں۔ پورٹ گرینڈ پر دنیا بھر کے مشہور ترین ریسٹورنٹس کی شاخیں قائم کی گئی ہیں۔ پورٹ گرینڈ سمندر سے قریب ہے اس لئے بھی یہ ایک پرسکون مقام ہے۔
بوٹ بیسن فوڈ اسٹریٹ
یہ جگہ ایک جھیل کے نام سے منسوب ہے، لانگ ڈرائیو پر جانے والے افراد عموماً بوٹ بیسن پر کھانا کھاتے ہیں، یہ ایک لمبی سڑک ہے جس پر ریسٹورنٹس بنے ہوئے ہیں، ان میں سے کئی ریسٹورنٹس ایسے ہیں جو رات دیر تک کھُلے رہتے ہیں جبکہ بعض تو صبح پانچ بجے تک اپنی خدمات سرانجام دیتے رہتے ہیں۔ یہاں بھی شہریوں کی ایک بڑی تعداد آتی ہے جو یہاں کے کھانوں کو بہت پسند کرتی ہے۔
بوٹ بیسن پر موجود ہوٹل ڈیرا کراچی کا بہترین ناشتہ پیش کرتا ہے، حلوہ پوری، چائے پراٹھے، چھولے کا سالن اور آلو کی ترکاری ہر طرح کا ناشتہ موجود ہے، لیکن اگر آپ یہاں جائیں تو ان کا پیزا پراٹھا ضرور منگوائیے گا۔
برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ
برنس روڈ کے دونوں اطراف قدیم عمارتیں واقع ہیں، جو قیام پاکستان سے قبل اور بعد میں تعمیر کی گئیں۔برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پر 100 سے زائد ریسٹورنٹس، مٹھائی اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کی دکانیں ہیں۔ دکانوں پر بیف حلیم، چکن حلیم، بیف بریانی، چکن بریانی، نہاری، قورمہ، پائے، چکن تکہ، چرغہ، سجی، بہاری کباب، سیخ بوٹی، کٹاکٹ، چانپ، چکن کڑہائی، بیف کڑہائی، مٹن کڑہائی، فش فرائی، پلاؤ سمیت دیگر کھانے فروخت ہوتے ہیں تاہم برنس روڈ کا حلیم، بریانی اور مٹن کڑاہی اپنے منفرد ذائقے کے باعث مشہور ہے اور رات کے اوقات میں شہری بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
حسین آباد فوڈ اسٹریٹ
حسین آباد فوڈ اسٹریٹ میں کھانے پینے کی چھوٹے بڑے تقریباً 150 ریسٹورنٹس ہیں۔ فوڈ اسٹریٹ پر قائم ریسٹورنٹس میں دیسی، فاسٹ فوڈ، ولایتی اور چائنیز سمیت کھانے کی متعدد اقسام دستیاب ہیں۔ یہاں کی خاص ڈش کوئلہ کڑاہی ہے جو شہر بھر سے لوگ کھانے آتے ہیں۔ اس فوڈ اسٹریٹ پر مہنگے سے مہنگے اور سستے سے سستے ریسٹورنٹس موجود ہیں اور یہی وجہ ہے کہ لوگ یہاں آنا پسند کرتے ہیں۔
دو دریا
عالیشان ریسٹورنٹس کی وجہ سے دو دریا کو پاکستان کے بہترین ریسٹورنٹس کے حوالے سے جانا جاتا ہے جہاں عوام کی ایک بڑی تعداد مزیدار کھانوں سے لطف اندوز ہونے آتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تمام ریسٹورنٹ سمندر کے کنارے پر بنائے گئے ہیں جہاں لوگ کھانے کے ساتھ ساتھ سمندر کے خوبصورت اور حسین نظاروں سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں اور یہی ان ریسٹورنٹس کی خاصیت بھی ہے۔
میراج دو دریا کے کنارے واقع سب سے پہلا ریسٹورنٹ ہے۔ اس ریسٹورنٹ پر 85 ڈشز پر مشتمل کھانوں کی ایک وسیع رینج موجود ہے جن میں مغلئی٬ باربی کیو سے لے کر چائنیز اور تھائی کھانے تک شامل ہیں۔600 افراد کی گنجائش کے حامل اس ریسٹورنٹ میں وائی فائی کی سہولت بھی موجود ہے۔
کولاچی دو دریا کے مقبول ترین ریسٹورنٹس میں سے ایک ہے اور اپنے مہمانوں کو پاکستانی، چائنیز اور تھائی ڈشز آفر کرتا ہے۔ 850 افراد کی گنجائش والے اس ریسٹورنٹ میں وائی فائی کی سہولت کے ساتھ کار پارکنگ ایریا بھی مختص ہے۔
دو دریا میں موجود نورانی ریسٹورنٹ میں چائنیز اور پاکستانی کھانے پیش کیے جاتے ہیں جبکہ اس ریسٹورنٹ کی خاص ڈش کٹا کٹ ہے جس کی قیمت 600 روپے ہے اور یہ دو افراد کے لیے کافی ہوتی ہے۔
دیگر سہولیات میں بچوں کے لیے پلے ایریا، پارکنگ اور کھانا پیک کروانے کی سہولت موجود ہے۔ 400 افراد کی گنجائش والا یہ ریسٹورنٹ شام 6 بجے سے رات 1 بجے تک اپنی خدمات سرانجام دیتا ہے۔