22 سال قبل آج کے دن پاکستان کے نامور کرکٹر سعید انور نے دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانےکا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
21 مئی 1997 کو پاکستانی بلے باز سعید انور نے بھارت کے خلاف میچ کھیلتے ہوئے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی اننگز کھیلی تھیں۔
22 سال قبل چدم برم اسٹیڈیم، چنائی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی اوپنر سعید انور اور شاہد آفریدی نے اننگز کا آغاز کیا مگر شاہد آفریدی صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئےتھے۔
وکٹ کی دوسری جانب کھڑے سعید انور نے بھارتی باؤلرز کے سامنے اکیلے ہی 194 رنز بنائے تھے اور ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ انفرادی سکور بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے تھے۔
سعید انور نے اپنی اس تاریخ ساز اننگز کے دوران 146 گیندیں کھیل کر 5 چھکے اور 22 چوکے مارے تھے تاہم صرف 6 رنز کی کمی سے ون ڈے کرکٹ کی پہلی ڈبل سنچری بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
بھارتی باؤلرز پرساد، کمبلے، جوشی، سنگھ، ٹنڈولکر نے بھی باؤلنگ کے جوہر دکھانے کی کوشش کی مگر سعید انور کسی کو خاطر میں نہ لائے۔
یہ میچ پاکستان کی تاریخ کے یادگار ترین میچوں میں سے ایک بن گیا جس میں پاکستان نے 35 رنز سے فتح حاصل کی۔
واضح رہے گزشتہ سال جولائی میں میں پاکستانی اوپنر فخرزمان نے زمبابوے کے خلاف کھیلے جانے والے میچ 210 رنز بنا کربھارت کے خلاف سعید انور کے 194 رنز کا طویل ترین ریکارڈ توڑ دیا ہے۔