بالی ووڈ کے اداکار وویک اوبرائے نے کل ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’پی ایم نریندرا مودی‘ کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مئی کو نریندرا مودی بھاری اکثریت سے جیتیں گے اور یہ فلم 24 مئی کوجشن کی صورت میں ریلیز ہو گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وویک اوبرائے نے بومبے ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’میں بہت زیادہ پر جوش ہوں، انتخابات کے نتائج 23 مئی کو سامنے آ جائیں گے،مودی بھاری اکثریت سے جیتیں گے اور میری فلم 24 مئی کوجشن کی صورت میں ریلیز کی جائے گی جو ایک متاثر کن فلم ہوگی۔‘‘
وویک اوبرائے سے سوال کیا گیا کہ’ ’ کیا آپ سیاست میں آنے والے ہیں؟‘ ‘جس کے جواب میں وویک نےبتایا کہ’’مجھے سب سے پہلے 2004ء میں سیاسی پارٹی کا ٹکٹ آفر کیا گیا تھا اور اُس کے بعد 2004ء سے 2019ء تک کئی سیاسی جماعتیں مجھے ٹکٹ کی پیشکش کر چکی ہیں اور میں نےہر مرتبہ منع کر دیا۔‘‘
وویک نےبتایاکہ ’’میں سیاسی جماعتوں کو مذاق میں کہتا ہوں کہ میں ’ ایم پی‘ کیوں بنوں، جبکہ میں اسکرین پر ’پی ایم‘ بن سکتا ہوں تو۔‘‘
فلم پرنس کے ہیرو ویک اوبرائے نے مزید کہا کہ ’’میں کسی سیاسی پارٹی کا نمائندہ نہیں ہوں، مستقبل میں بھی صرف ٹیگ کے لیے سیاستدان نہیں بننا چاہتا۔‘‘
واضح رہے کہ آج بھارت میں الیکشن کے نتائج آ رہے ہیں جن میں بی جے پی کے رہنما اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے جیتنے کے قوی امکانات ہیں۔