پاکستان سلور اسکرین کے کامیڈی لیجنڈ اداکار رنگیلا کو اپنے مداحوں سے بچھڑے14 سال بیت گئے۔
قدرت نے رنگیلا کو ایسی شکل و صورت اور سراپے سے نوازا جس کے انگ انگ سے مزاح کے شگوفے پھوٹتے تھے۔
ان کے پردہ سکرین پر نمودار ہوتے ہی سینما ہال قہقوں سے گونج اٹھتے اور فلم بینوں کے چہرے خوشی سے گلنار ہو جاتے۔ خدا نے رنگیلا کے ذمے انسانوں میں خوشیاں بانٹنے کا کام سونپا تھا جسے انہوں نے پوری ذمہ داری سے نبھایا۔
نصابی تعلیم سے محروم رنگیلا کو قدرت نے تخلیقی ذہن عطا کیا تھا، وہ مقبول ترین کامیڈین کے علاوہ ایک کامیاب گلوکار، موسیقار، ہدایتکار، مصنف اور فلمساز بھی تھے، حکومت وقت نے صلاحیتوں کے اعتراف میں انہیں اعلٰی اعزازات سے نوازا لیکن انہوں نے ہمیشہ اپنے مداحوں کی محبتوں کو سب سے بڑا اعزاز جانا۔
رنگیلا نے فلموں کے عام کامیڈین سے ہیرو شپ تک کا فنی سفر خالصتاً خداداد صلاحیتوں کے بل پر طے کیا، پردہ اسکرین پر رنگیلا اور منور ظریف کی آمد فلم بینوں میں ارتعاش پیدا کر دیتی تھی۔
انہوں نے اپنے دور کی تمام ہیروئنوں کے مقابل مرکزی کردار ادا کئے۔
رنگیلا کے وجود سے مزاح کے فوارے پھوٹتے تھے۔ لوگ اس کے چہرے کے نقوش اور جسمانی حرکات پر ہنستے ہنستے لوٹ پوٹ ہو جاتے۔ یہ عظیم اداکار24 مئی 2005 کو اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ گیا لیکن مر کر بھی اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہے۔