سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوام دعا کریں کہ ہم سلیکٹڈ وزیراعظم کی حکومت گرا دیں۔
آصف زرداری پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے ڈاکٹر بہادر ڈاہری کی والدہ کی تعزیت کرنے کے لئے دولت پور پہنچے تو کارکنوں نے جئے بھٹو کے نعرے لگائے۔
تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت نام نہاد ہے، اگر اس حکومت کو نہیں گرایا تو یہ سب کچھ ختم کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے دور میں بیروزگاری اور مہنگائی بڑھی ہے،عوام دعا کریں، ہم سلیکٹڈ وزیراعظم کی حکومت گرا دیں گے۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 500فیصد مہنگائی بڑھی ہے،انشاء اللہ عوام کے سارے مسئلے حل ہوں گے۔
سابق صدر نے یہ بھی کہا کہ مجھے حکومت کرنے کا شوق نہیں، پسے ہوئے عوام کے لئے ہم سب کو موجودہ حکومت کو ہٹانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے وزیراعظم کی موجودگی میں پاکستان کبھی ترقی نہیں کرسکتا۔
آصف زرداری نے کہا کہ بے روزگاری ختم کرنے کے دعوے کرنے والوں نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کردیا ہے۔