• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج بڑا معرکہ ہوگا

پاکستان اور سر ی لنکا کے درمیان ورلڈکپ کا اہم میچ آج برسٹل میں کھیلا جائے گا، بڑے معرکے کے لیے دونوں ٹیموں نے جمعرات کو برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ میں پریکٹس کی۔

پاکستان کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کہتے ہیں کہ کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھا جائے گا جبکہ سری لنکن کپتان کرونا رتنے بھی اچھی کارکردگی کے لیے پُراُمید ہیں۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کا میچ بارش سے متاثر ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ناٹنگھم میں میزبان انگلینڈ کو شکست دی چکی ہے اور اب برسٹل میں اس کا مقابلہ سری لنکا سے ہے، پاکستان ٹیم کرکٹ ورلڈکپ میں آج اپنی دوسری جیت کے لیے پر عزم ہے۔

مقابلے سے پہلے دونوں ٹیموں نے نیٹ پریکٹس میں بازو آزمائے، فاسٹ بولر وہاب ریاض نے سری لنکن بلے بازوں کو پویلین کا رستہ دکھانے کی حکمت عملی بنالی۔

دوسری جانب سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے وننگ کامبی نیشن نہ بدلنے اور میچ میں پوری طاقت سے جانے کا مشورہ دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا ایک اچھا میچ جیت کر آیا ہے، اس کو آسان نہیں لیا جاسکتا، انگلینڈ کی ٹیم کو جس طرح ہرایا اس سے پاکستان ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے۔

تازہ ترین