برطانوی یونیورسٹی کے طبیعیات دانوں نے نینو ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک ایسا آلہ بنایا ہے جسے انہوں نے "دنیا کا سب سے چھوٹا وائلن" قرار دیا ہے، جسے مائیکرواسکوپ کے بغیر دیکھا نہیں جاسکتا۔
لوفبورو یونیورسٹی کی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ پلاٹینم سے بنا وائلن 35 مائیکرون لمبا اور 13 مائیکرون چوڑا ہے۔
واضح رہے کہ ایک مائیکرون ایک میٹر کا دس لاکھ واں حصہ ہوتا ہے۔
یہ وائلن انسانی بال سے بھی باریک ہے، بال کی موٹائی عام طور پر 17 سے 180 مائیکرون کے درمیان ہوتی ہے۔
محققین نے موسیقی کا یہ انتہائی باریک آلہ اپنی نئی نینو لیتھوگرافی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کےلیے تیار کیا، یہ ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو سائنس دانوں کو نینو سائز کی اشیاء اور ڈھانچے بنانے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔