برطانیہ کے شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے ساتھ اس سال موسم خزاں میں پاکستان کا دورہ کریں گے، تاریخ اور جن شہروں کا شاہی جوڑہ دورہ کرے گا ان کا اعلان ابھی باقی ہے۔
برطانوی شاہی محل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج پاکستا ن کا دورہ دفتر خارجہ کی دعوت پرکررہے ہیں۔
شہزادہ ولیم تاج برطانیہ کے دوسرے ولی عہد ہیں، وہ شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے بڑے بیٹے ہیں، شہزادہ ولیم سے پہلے ولی عہد شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال سن 2006 ءمیں پاکستان آچکے ہیں۔
شہزادہ ولیم کی والدہ لیڈی ڈیانا بھی اپنی چیئریٹی خدمات کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں، دورے میں انہوں نے کینئرڈ کالج کا دورہ بھیکیا تھا۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے چند ہی روز پہلے اپنی اسناد سفارت ملکہ برطانیہ کو پیش کی تھیں جو خود بھی 1961ء اور 1997ء میں پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔
شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی جانب سے دورہ پاکستان ترتیب دیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام انکے استقبال کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہی جوڑے کا دورہ برطانیہ پاکستان تعلقات کی عکاسی کرے گا ، پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی روابط ہیں جنہیں دونوں مزید مستحکم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔