• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کی18 سالہ کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے مذہب کی خاطر بالی ووڈ کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر سے تعلق رکھنے والی بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ زائرہ وسیم نے فلمی دنیا کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ زائرہ وسیم نے 2015 میں اداکار عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

اس حوالے سے اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں ایمان اور برکت کھو رہی تھیں، اُن کا اپنے مذہب کے ساتھ رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا جس کے باعث انہوں نے فلموں میں کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

سوشل میڈیا سائٹ فیس بک پر زائرہ وسیم نے ایک طویل پوسٹ شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے قرآن کی متعدد آیات، حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ و آلہ وسلم و خلیفہ دوم حضرت عمر  کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے فیصلے کی وضاحت کی ہے۔


زائرہ وسیم نے اپنے پوسٹ میں لکھا کہ پانچ سال پہلے میں نے ایک فیصلہ کیا تھا جس نے میری زندگی ہمیشہ کے لئے بدل دی۔ جیسے ہی میں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا تو میرے لئے بے تحاشہ مقبولیت کے دروازے کھل گئے۔ میں لوگوں کی توجہات کا مرکز بننے لگی۔ مجھے نوجوانوں کے لئے رول ماڈل قرار دیا گیا۔

آج جب میں نے پانچ سال مکمل کئے تو میں اس بات کا اعتراف کرنا چاہوں گی کہ میں اپنے کام سے خوش نہیں ہوں۔ بے شک یہ فیلڈ میرے لئے بے پناہ پیار، حمایت اور ستائش کا موجب بنی لیکن یہ فیلڈ مجھے جہالت کی طرف لے جارہا تھا اور میں آہستہ آہستہ اپنا ایمان کھو رہی تھی۔

فلم دنگل کی اداکارہ  نے کہا کہ چونکہ میں ایک ایسے ماحول میں کام کررہی تھی جہاں میرے ایمان کے ساتھ مسلسل دخل اندازی ہورہی تھی میرا میرے مذہب کے ساتھ رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا۔

زائرہ وسیم نےمزید لکھا کہ میں اپنے آپ کو تسلی دے رہی تھی کہ میں جو کچھ کررہی ہوں وہ ٹھیک ہے اور اس راہ کا میری ذاتی زندگی پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑرہا تھا۔ لیکن میں اپنی زندگی میں برکت کھونے لگی۔

انہوں نے فلمی کیریئر کو خیر باد کہنےکا اعلان کرتے ہوئے لکھا ہےکہ بالی وڈ میں میرا سفر تھکاوٹ سے بھرا پڑا رہا۔ میں اپنی روح سے لڑ رہی تھی۔ لہٰذا آج میں اپنی فیلڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کرتی ہوں۔

واضح رہے کہ زائرہ وسیم نے اپنے مختصر فلمی کیریئر کے دوران تین بالی ووڈ فلموں جن میں ’دنگل، سیکرٹ سپر اسٹار اور دی اسکائی از پنک‘ (جو ابھی ریلیز ہونا باقی ہے) میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

تازہ ترین