• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمن اور مینال نے حنا الطاف کو آڑے ہاتھوں کیوں لیا؟


پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی نئی اُبھرتی ہوئی اداکارائیں ایمن خان اور حنا الطاف نے جہاں اپنی بہترین اداکاری کے باعث انڈسٹری میں جگہ بنالی ہے وہیں یہ مداحوں کے دلوں میں بھی گھر بنانے میں کامیاب ہوگئی ہیں، اسی لیے ان سے متعلق کوئی بھی خبر فوراً جنگل میں آگ کی طرح  پھیل جاتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں اداکارہ حنا الطاف کو ایک ’ٹو بی ہونسٹ‘ نامی شو کے میزبان تابش ہاشمی نے بطور مہمان مدعو کیا جس میں انہوں نے اداکارہ سے سوال کیا کہ ’اُس اداکار کا نام بتائیں جنہیں اداکاری بالکل بھی نہیں آتی اور اس کے باوجود وہ مغرور اور خود پرست ہیں؟ ‘

اداکارہ حنا الطاف نے ایک منٹ ضائع کیے بغیر فوراً جواب دیا ’منیب بٹ‘ جن کی شادی ابھی اداکارہ ایمن خان سے ہوئی ہے۔

یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد اداکار منیب بٹ کی اہلیہ اور اداکارہ ایمن خان اور اُن کی بہن مینال خان نے حنا الطاف کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور انہیں خوب باتیں سنائیں۔

سوشل میڈیا سائٹ فیس بک پر ایمن خان نے لکھا کہ اُن لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو اپنے ساتھی اداکاروں کا مذاق اُڑاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ جاہل میزبان اور مہمان۔ مزید ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھا حسد نہ کر۔

دوسری جانب اداکارہ مینال خان نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’ہم کیوں ایک دوسرے سے اتنی نفرت کرتے ہیں؟‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھی ایمن کی طرح لکھا کہ جاہل میزبان اور مہمان۔

تازہ ترین