’پرواز مشن‘ کے تحت دنیا کا چکر لگانے والے پاکستانی فنکار و میزبان فخر عالم کی اہلیہ دونیہ فاڈی کو معروف امریکی ملٹی نیشنل کمپنی ’ برکشائر ہیتھوے‘ کی سی او او بنا دیا گیا ہے۔
فخر عالم کی اہلیہ دونیہ فاڈی ’ایم ڈی پراپر ٹیز‘ دبئی کی بانی ہیں تاہم اب انہیں’برکشائرہیتھوے‘ کا چیف آپریٹنگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔
فخر عالم نے اپنی اہلیہ کی اس کامیابی کی اطلاع اپنے ٹوئٹ کے ذریعے دی جس میں انہوں نے لکھا کہ انہیں اپنی اہلیہ پر فخر ہے۔
انہوں نے بتایا کے امریکی جریدے فاربز میں ان کی اہلیہ کی متعدد بار کامیابی کی اسٹوریز شائع ہونے کے بعد انہیں اب معروف سرمایہ کار وارن بفٹ کی برکشائرہیتھوےکمپنی میں سی او او مقرر کیا گیا ہے۔
فخر عالم کے اس ٹوئٹ کے جواب میں اُن کی اہلیہ نے اُن کے پیار اور حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ دونیہ فاڈی فخرِ عالم کی تیسری اہلیہ ہیں ۔
گلوکاری سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے فخر عالم اداکاری کے جوہر بھی دکھا چکے ہیں۔ گزشتہ سال انہوں نے اپنے ’پرواز مشن‘ کے تحت دنیا کا چکر لگایا اور پاکستان کا نام روشن کیا۔