• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں سال متعدد فنکاروں نے بھی فریضہ حج ادا کیا

کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک) رواں سال پاکستان سے لاکھوں عازمین حج سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والے متعدد فنکاروں نے بھی فریضئہ حج کی ادائیگی کی ہے۔پاکستان سے لاکھوں عازمین حج کے ساتھ ساتھ پاکستانی ڈرامہ، فلم اور میوزک انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کئی فنکاروں نے اس سال حج کا فریضہ ادا کرنے کی نیت سے بیت اللّٰہ کا رخ کیا ہے اور اپنے مداحوں کے ساتھ سوشل سائٹس پر اس خوبصورت اور روح پرور سفر کا تجربہ بھی شیئر کیا۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنی سریلی آواز سے جانے جانے والے گلوکارعاطف اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے مداحوں کو حج پر جانے کی خوشخبری سنا تے ہوئے سب سے معافی مانگی اور لکھا کہ اگر میں نے کبھی کسی کا دل دکھایا ہو تو مجھے معاف کر کے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’ خانی‘ کے اداکار فیروز خان نے بھی انسٹا گرام پر خوشخبری دی، معافی مانگی اور پیار کا پیغام دیا۔پاکستان کے مشہور اداکار، سیاست دان اور نیوز اینکر پرسن حمزہ علی عباسی نے اپنے مداحوں کو حج کی خوشخبری ٹوئٹر پر دی اور اپنے فالوورز کو بتایا کہ حج پر جانے کے باعث وہ 16 اگست تک سوشل میڈیا سے دور رہیں گے۔حمزہ علی عباسی نے مزید لکھا کہ وہ پاکستان ، کشمیر اور امن کے لیے خصوصی دعا کریں گے۔پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ روبینہ اشرف نے بھی حج کی ادائیگی کی ۔پاکستان شوبز سے تعلق رکھنے والی کامیاب اداکار جوڑی عائزہ خان اور دانش تیمور نے بھی حج کی سعادت حاصل کی اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کو عید کی مبارک باد دی اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔پاکستان کے ان سبھی فنکاروں کی حج کی ادائیگی کے دوران لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں اور مداح اپنے من پسند فنکاروں کے حاجی کا رُتبہ پانے پر ان کو دعائیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔

تازہ ترین