وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مزید تین سال کے لیے تقرری کا فیصلہ ملکی استحکام کا سبب بنے گا۔
ایک بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ سیکیورٹی پالیسیوں میں تسلسل کی علامت ہیں اور وزیراعظم کا یہ فیصلہ خطے کی صورتحال کے سنجیدہ ادراک کا اظہارہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید 3 سال کے لیے آرمی چیف مقرر کردیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے جنرل قمر جاوید کو مزید 3سال کےلیے آرمی چیف رکھنے کا فیصلہ ملکی اور خطے کی سلامتی صورتحال کے پیش نظر کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم کا فیصلہ ملک اور خطے میں جاری امن کی کوششوں کا تسلسل ہے۔