قصور کی تحصیل چونیاں میں بچوں کے قتل کے اندوہناک واقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈی ایس پی چونیاں اور ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ مقتول بچوں کے لواحقین کے ساتھ پوری ہمدردی ہے، پولیس کی غفلت جہاں بھی ہوئی ہے اس پر سخت ایکشن ہوگا۔
عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزراء ہاشم ڈوگر اور سردار آصف نکئی نے غمزدہ خاندانوں سے ملاقات کی اور سوگوار خاندانوں سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزراء نے سوگوار خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور انسپکٹر جنرل پولیس کو بھی فوری طور پر چونیاں پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر قانون اور آئی جی پولیس جائے وقوعہ کا دورہ کریں اور مقتول بچوں کے لواحقین سے ملاقات کر کے دلجوئی کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزیر قانون اور آئی جی پولیس کو خود تحقیقات کی نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو بھی چونیاں جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے قتل کے دل دہلا دینے والے واقعات قعطاً برداشت نہیں، بچوں کے قتل کے ذمہ دار قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔