سوشل میڈیا آج کل بہت سا نیا ٹیلنٹ سامنے لارہا ہے اسی ٹیلنٹ میں ہی لاہور سے تعلق رکھنے والا بچہ کمال حیدر کا کمال بھی مقبول ہو رہا ہے جس کی مدھر آواز کانوں میں رس گھول دیتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کومل شاہد نامی صارف نے کمال حیدر کی سریلی آواز میں گانا گانے کی ویڈیو اپلوڈ کی۔
ویڈیو میں انہوں نے لکھا کہ کمال نے انہیں بتایا کہ انہیں گانا گانا پسند ہے لیکن انہیں کبھی موقع نہیں ملا۔
کمال حیدر نامی یہ لڑکا لاہور کی یونیورسٹی کی تقاریب میں اسپاٹ بوائے کی حیثیت سے کام کرتا ہے۔
ارسل نامی ایک صارف نے بتایا کہ ’کمال یونیورسٹی آف لاہور (نیو کیمپس) میں کمال جامعہ میں منعقد سیمینارز اور تقاریب کے دوران کیمرہ مین کے ساتھ ہوتا ہے‘
کومل نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ جب انہوں نے کمال سے گانا سنانے کی فرمائش کی تو انہوں نے نبیل شوکت علی کا گانا ’بے وجہ ‘ گایا ۔
کومل نے یہ ویڈیو ٹوئٹر ہر اپلوڈ کی جس نے مشہور و معروف گلوکاروں کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کروالی۔
پاکستان کے معروف گلوکار شفقت امانت علی نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں کمال کی پزیرائی کرتے ہوئے کہا کہ ’اس لڑکے کی آواز بہترین ہے۔‘
نامور موسیقارزلفی کا کہنا تھا کہ اس لڑکے کو موقع ملنا چاہئے ۔انہوں نے کمال سے رابطہ کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔
کومل شاہد کی پہلی ویڈیو نے جب ٹوئٹر پر غیر معمولی توجہ حاصل کی تو انہوں نے کمال حیدر کی ایک اور ویڈیو اپلوڈ کی جس میں وہ راحت فتح علی خان کا گانا ’اورے پیا‘ گا رہے ہیں۔