وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ٹیلی فون کرکے سانحہ چونیاں کا ملزم پکڑنے پر مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں یہ ٹیسٹ کیس تھاجس میں اللّٰہ نےہمیں سرخروکیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کو بھی مبارک دی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے منگل کو پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا تھا کہ چونیاں واقعہ میں ملوث ملزم کی شناخت ہو گئی ہے، چاروں وارداتیں سہیل شہزاد نامی ملزم نے کیں۔
تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مقتول بچوں فیضان اور علی حسن کےنمونوں کا ڈی این اے ملزم سے میچ کر گیا، ملزم کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملزم سہیل شہزاد کی تصویر بھی دکھائی۔
واضح رہے کہ 17 ستمبر کو پنجاب کے ضلع قصور کی تحصیل چونیاں میں مختلف ایام میں اغواء ہونے والے 4 میں سے 2 بچوں علی حسنین اور سلمان کی باقیات اور ایک بچے فیضان کی لاش ملی تھی جبکہ عمران نامی بچہ لاپتہ تھا۔
بعد میں عمران اور مزید ایک لاپتہ ہونے والے بچے کی لاشوں کی باقیات بھی چونیاں ہی سے برآمد ہوئی تھیں۔