کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) مکی آرتھر آسٹریلیا پہنچ کر بھی پاکستانی ٹیم اور ان کےساتھ گذارے ہوئے لمحات کو نہیں بھول سکے ہیں۔ پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ اب بھی اپنے پرانے ساتھیوں سے رابطے میں ہیں۔ سوا تین سال پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے مکی آرتھر وقتاً فوقتاً کھلاڑیوں سے واٹس ایپ پر پیغامات کا تبادلہ کرتے رہتے ہیں۔ اگر کوئی کھلاڑی غیر معمولی کارکردگی دکھاتا ہے تواس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور بعض بے تکلف کرکٹرز کو اب بھی مشورے دیتے ہیں اور ان کے لئے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کرتے رہتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر سے پاکستان کرکٹ نے تعلق ختم کردیا ہے لیکن وہ اب بھی اپنے پرانے ساتھیوں سے رابطے میں رہتے ہیں۔ وہ کوچنگ کے دوران کئی کھلاڑیوں کواپنی قربت میں رکھتے تھے۔ عام غیر ملکیوں سے وہ مختلف ہیں اور مسلسل کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں۔