برطانوی شہزادہ ولیم اور انکی اہلیہ کیٹ میڈلٹن پاکستان پہنچ گئے۔
شاہی جوڑے کا طیارہ نور خان ایئر بیس اسلام آباد پر اتر گیا جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو، دفتر خارجہ کے حکام اور اعلیٰ حکومتی عہدے داران نے شاہی جوڑے کا پرتپاک استقبال کیا۔
37 سالہ برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیتھرین (کیٹ) الزبتھ مڈلٹن جنہیں بالترتیب ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج کہا جاتا ہے، آج پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن 15 اکتوبر کو صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم خان سے ملاقاتیں کریں گے، اسی روز شاہی جوڑا اسلام آباد میں خواتین کے کالج کا دورہ کرے گا اور چیریٹی پروگرام میں شرکت کرے گا۔
شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن پاکستان مامونٹ بھی جائیں گے۔
شاہی مہمان 16اکتوبر کو لاہور روانہ ہوں گے، دورہ لاہور کے دوران شہزادہ ولیم اور انکی اہلیہ کیٹ میڈلٹن ایس او ایس ولیج ، ایچی سن کالج اور شوکت خانم میموریل ہسپتال جائیں گے، شاہی جوڑا بادشاہی مسجد ، مینار پاکستان اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائے گا ۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے شاہی جوڑ 17 اکتوبر کو چترال جائے گا، دورہ چترال کے دوران شاہی مہمان چترال کے مقامی لوگوں سے ملیں گے، اسی روز شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کا قلعہ خیبر کا دورہ بھی متوقع ہے، برطانوی شاہی جوڑا رات کو واپس وفاقی دارلحکومت پہنچے گا، دورےکے آخری روز جمعہ کے دن شہزداہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کا فیصل مسجد کا دورہ متوقع ہے۔
پہلی بار پاکستان کا تاریخی دورہ کرنے والے شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن 18 اکتوبر کو بعد از دوپہر وطن واپس روانہ ہو جائیں گے
برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان پر پاکستانی قوم نے ان کے پر تپاک استقبال کی تیاریاں کیں ، راولپنڈی اور لاہور میں رکشوں کو خیر مقدمی پینٹنگز سے سجا دیا گیا۔
برطانوی شاہی جوڑا پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن کے دورہ پاکستان پر راولپنڈی اور لاہور میں رکشوں کو روایتی انداز میں خیر مقدمی پینٹنگز سے سجایا گیا ہے۔
رکشوں پر پاکستان اور برطانیہ کے جھنڈے انتہائی خوبصورتی سے پینٹ کیے گئے ہیں، جبکہ رکشوں پر شاہی جوڑے کے لیے خیر مقدمی کلمات کے ساتھ ساتھ موروں کی تصاویر بنائی گئی ہیں۔