کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ فیصل آباد کے صحافی نے جس انداز میں بدتمیزی کی گئی اس پر وہ سخت ناراض ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیر کو جنگ میں شائع ہونے والی خبر کی تصدیق کرت ہوئے واضح کیا ہے کہ مذکورہ شخص کا ایکریڈیشن کارڈ منسوخ کردیا اور نجی ٹی وی کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے۔ پی سی بی ترجمان نے جنگ کو بتایا کہ میڈیا کے حوالے سے بورڈ کی پالیسی کلیئر ہے کرکٹرز ہمارے ہیروز اور اسٹار ہیں ان سے سوالات ضرورپوچھے جائیں لیکن کسی کو بدتمیزی یا اخلاقی حدود پار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خیال رہے کہ ہفتے کے روز پریس کانفرنس میں پوچھے جانے والے چند کے سوالات میں بدتمیزی کا عنصر نمایاں تھا۔ عام طور پر پی سی بی حکام پریس کانفرنس کو خود کنٹرول کرتے ہیں لیکن قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل پوری پریس کانفرنس کا محور سری لنکا کی ٹی20 سیریز میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی رہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد جیسے ہی پریس کانفرنس سے واپس آئے وہ سخت اپ سیٹ تھے انہوں نےٹیم انتظامیہ کو بتایا کہ میری کردار کشی کی گئی ہے، کپتانی نہیں کرنا چاہتا۔