پشاور (وقائع نگار) گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے کارکنوں نے پشاور پریس کلب کے سامنے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت تحریک انصاف ضلع پشاور کے رہنما خالد خان خلیل کر رہے تھے۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر گورنر شاہ فرمان کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے الزام لگایا گورنر شاہ فرمان نے حلقے میں ضمنی انتخاب میں اپنے بھائی کی ناکامی کے بعد حلقے کے لئے منظور شدہ ترقیاتی فنڈز منتقل کروا دیئے ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ گورنر شاہ فرمان پشاور میں تحریک انصاف کی تباہی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ شاہ فرمان کو گورنر کے منصب سے ہٹا کر ان کے خلاف تحقیقات کے احکامات جاری کئے جائیں۔ کارکنوں کی انتھک جدوجہد اور محنت کی بدولت پارٹی صوبے کی سب سے بڑی اور مقبول جماعت بن چکی ہے لیکن گورنر شاہ فرمان کے منفی کردار کی وجہ سے پارٹی کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ پارٹی کارکنوں نے دھمکی دی کہ اگر گورنر شاہ فرمان کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو پھر یہ تحریک گلی گلی اور کوچے کوچے تک پھیلے گی اور حالات کی تمام تر ذمہ داری پارٹی قیادت پر ہوگی۔