• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فہد احمد
فہد احمد | 21 اکتوبر ، 2019

اکتوبر میں پیش آنے والے ملکی تاریخ کے اہم واقعات

اکتوبر میں پاکستان کی تاریخ میں بہت بڑے بڑے واقعات پیش آئے جن میں ایک وزیراعظم کا قتل دوسرے کا استعفیٰ اور تیسرے کی بر طرفی بھی شامل ہے، اس کے علاوہ اسی مہینے میں دھماکے بھی ہوئے اور زلزلے بھی آئے جبکہ کئی نامور لوگوں کا قتل بھی ہوا ہے۔

آئیے ذرا تاریخ پر نظر ڈالتے ہیں کہ ماہِ اکتوبر میں کب اور کیا واقعہ پیش آیا۔

7 اکتوبر 1947 کو ریاست بہاولپور نے پاکستان میں اپنی شمولیت کا اعلان کیا، جس کے بعد دیگر ریاستیں بھی ایک ایک کرکے پاکستان کا حصہ بن گئیں، جبکہ 11 اکتوبر کو ریاست خیرپور نے پاکستان میں اپنی شمولیت کا اعلان کیا۔

14 اکتوبر 1947 کو روزنامہ جنگ کراچی نے اپنی اشاعت کا آغاز کیا۔

24 اکتوبر 1947 کو ہزاروں قبائلیوں نے اپنی مسلح جدوجہد سے ڈوگرہ راجہ مہاراجہ ہری سنگھ کے خلاف جہاد کے ذریعے مظفر آباد تک رسائی حاصل کرلی اور وہاں آزاد کشمیر کی حکومت کے قیام کا اعلان کردیا۔

16 اکتوبر 1951 کو پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کو راولپنڈی میں گولی مار کر قتل کردیا گیا، اسی وقت ان کے قاتل سید اکبر علی کو بھی گولی ماردی گئی۔

2 اکتوبر 1952 کو حکومت کی طرف سے کراچی میں جمعہ کے دن گوشت کا ناغے کا اعلان بھی کیا گیا۔

22 اکتوبر 1952 کو کراچی سے ڈھاکا جانے والے اورینٹ ایئربس کا طیارہ بھارت میں جمشید پور کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔

8 اکتوبر 1952 کو پاکستان کرکٹ ٹیم لاہور سے امرتسر بھارت کے دورے پر روانہ ہوئی اور 16 سے 19 اکتوبر تک پاکستان نے بھارت کے ساتھ دہلی کے فیروز شاہ اسٹیڈیم میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا ۔

16 اکتوبر 1953 کو قائد اعظم محمد علی جناح کے اسکو ل کا وہ رجسٹر جس میں قائد اعظم کے کوائف اور ان کے دستخط موجود ہیں اسے حکومت پاکستان نے اپنی تحویل میں لے کر قومی عجائب گھر میں رکھ دیا ۔

23 اکتوبر 1953 کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی بہن محترمہ فاطمہ جناح نے ڈرگ روڈ کراچی میں مہاجرین کی بستی کا سنگ بنیاد رکھا ۔

13 اکتوبر 1954 کو حکومت نے لیاقت علی خان کے قتل کی تحقیقات کے لیے انگریز ماہر سی ڈبلیو یورین کی خدمات حاصل کی ۔

6 اکتوبر 1955 کو میجر جنرل اسکندر مرزا نے پاکستان کے مستقل گورنر جنرل کے عہدے کا حلف اٹھایا ۔

14 اکتوبر 1955 کو مشرقی بنگال کا نام مشرقی پاکستان رکھنے کا اعلان کیاگیا۔

13 اکتوبر 1955 کو نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا ، اور 26 اکتوبر 1955 کو پاکستان کے امتیاز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی اور دوسری اننگ میں وہ صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

22 اکتوبر 1956 کو کمشنر کراچی نے لالو کھیت اور کورنگی میں دو نئی مہاجر بستیاں تعمیر کرنے کا منصوبہ تیا ر کیا۔

11 اکتوبر 1956 کو ایک دن میں سب سے کم اسکور کا عالمی ریکارڈ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں بنا، جس میں آسٹریلین ٹیم پاکستان کے خلاف 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔

11 اکتوبر 1957 کو پاکستان کے صدر اسنکدر مرزا نے وزیر اعظم حسین شہید سہروردی سے استعفیٰ لے لیا ۔

18 اکتوبر 1957 کو اسماعیل ابراہیم چندریگر نے پاکستان کے چھٹے وزیر اعظم کا حلف اٹھایا ۔

24 اکتوبر 1959 کو شاہی قلعہ لاہور میں کھدائی کے دوران محمود غزنوی کے سکے بر آمد ہوئے ۔

یکم اکتوبر 1960 کو پاکستان کے وزیر خزانہ محمد شعیب عالمی بینک کے ڈائریکٹر منتخب ہوئے۔

5 اکتوبر 1960 کو کراچی کے علاقے لالو کھیت کا نام لیاقت آباد رکھنے کی قرارداد منظور کرلی گئی۔

24 اکتوبر 1960 کو گجرات میں قائد ملت لیاقت علی خان کے قاتل سید اکبر علی کو گولی مارنے والے سب انسپکٹر محمد شاہ کو کلہاڑیاں مار مار کر قتل کردیا گیا ۔

28 اکتوبر 1960 کو صدر ایوب خان نے کراچی میں ولیکا سیمنٹ فیکٹری کا سنگ بنیاد رکھا ۔

16 اکتوبر 1962 کو کراچی کی گلیوں میں ٹیلی ویژن کی نمائش کی گئی ۔

25 اکتوبر 1963 کو لاہور میں جماعت اسلامی کے بانی مولانا مودودی کو قتل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

22 اکتوبر 1964 کو پاکستان کے دوسرے گورنر جنرل اور دوسرے وزیر اعظم خواجہ ناظم الدین کا انتقال ہوا۔

24 اکتوبر 1969 کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے تین سگے بھائیوں نے شرکت کی جن میں حنیف محمد ، مشتاق محمد اور صادق محمد شامل تھے ، اس ٹیسٹ میچ میں اوپننگ حنیف محمد اور صادق محمد نے کی جبکہ مشتاق محمد چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لیے آئے یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا اور اب تک کا واحد ٹیسٹ تھا جس میں تین سگے بھائیوں نے ایک ساتھ شرکت کی تھی ۔

23 اکتوبر 1975 کو پاکستان دو سال کے لیے سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہوا اور یکم جنوری 1976 کو پاکستان نے سلامتی کونسل میں اپنی نشست سنبھال لی ، اس سے پہلے پاکستان دو مرتبہ 53-1952 اور 69-1968 میں سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہوچکا تھا ۔

16 اکتوبر 1976 کو اسلام آباد میں فیصل مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا ، جس کی تعمیر 2 جون 1986 کو مکمل ہوئی جبکہ سنگ بنیاد سعودی عرب کے شاہ خالد نے رکھا تھا۔

9 اکتوبر 1976 کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کےمایہ ناز بلے باز جاوید میانداد نے لاہور میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے ٹیسٹ کریئر کاآغاز کیا ۔

21 اکتوبر 1979 کو کراچی میں بکرے کے گوشت کی زیادہ سے زیادہ قیمت 18 روپے فی کلو جبکہ گائے کے گوشت کی زیادہ سے زیادہ قیمت 10 روپے فی کلو مقرر کی گئی ۔

یکم اکتوبر 1980 کو صدر پاکستان جنرل ضیاء الحق نے اقوم متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 35 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کیا ،جہاں ان کی تقریر کا موضوع ’’بنی نوع انسان کے لیے اسلام کا پیغام‘‘ تھا۔

10 اکتوبر 1980 کو اقوام متحدہ اور 8 ملکوں کے تاریخی سفر سے واپسی پر عوام کی طرف سے صدر جنرل ضیاء الحق کا تاریخی استقبال کیاگیا ۔

14 اکتوبر 1980 کو جمعیت علمائے اسلام کےسیکریٹری جنرل مولانا مفتی محمود کراچی میں انتقال فرما گئے۔

20 اکتوبر 1980 کو پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو کےتایا اور سندھ کے سابق وزیراعلیٰ ایوب کھوڑو کی وفات کراچی میں ہوئی۔

28 اکتوبر 1980 کو حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 5 روپے فی لیٹر ہوگئی۔

یکم اکتوبر 1981 کو روزنامہ جنگ لاہور نے اپنی اشاعت کا آغاز کیا۔

13 اکتوبر 1983 کو عمران خان کو آسٹریلیا کے دورے کے لیے کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا ۔

31 اکتوبر 1984 کو بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل پر پاکستان میں تین دن تک یوم سوگ منائے جانے کا اعلان کیا گیا ۔

29 اکتوبر 1985 کو ظہیر عباس نے پاکستان ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ۔

15 اکتوبر 1987 کو قاضی حسین احمد جماعت اسلامی کے امیر منتخب ہوئے جو مسلسل چار بار منتخب ہونے کے بعد 2008 تک امیر جماعت رہے۔

اکتوبر 1988 اور 1989 میں کراچی سمیت سندھ بھر میں خونریزی کے واقعات سمیت شدید ہنگامہ آرائی ہوئی جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ سینکڑوں گاڑیاں و دیگر املاک بھی نذر آتش کردی گئیں۔

30 ستمبر 1988 کی شام حیدرآباد میں نامعلوم مسلح افراد کی طرف سے شہر کے کئی گنجان آباد علاقوں میں اندھادھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 20 منٹ کے اندر 180 افراد جاں بحق اور سینکڑوں لوگ زخمی ہوئے ۔

اگلے دن یکم اکتوبر کو اس کے رد عمل میں کراچی میں فسادات پھوٹ پڑے جس میں 78 بے گناہ افراد اپنی جان سے دھو بیٹھے ۔

یکم اکتوبر 1989کو سکھر ایئر پورٹ پر قومی پر چم کی بے حرمتی کی گئی ، پھر 4 اکتوبر کو جی ایم سید اور ان کے ساتھیوں پر قومی پر چم کی بے حرمتی کرنے کے خلاف مقدمہ چلانے کا اعلان کیا گیا ۔

12 اکتوبر کو کراچی میں جی ایم سید کی گرفتاری کے خلاف ایم اے جناح روڈ پر احتجاج و ہنگامہ آرائی کے باعث کئی گاڑیاں نذ آتش کردی گئیں ۔

16 اکتوبر 1989 کو ایم کیو ایم کے صوبائی وزراء جاوید اختر ، شمس العارفین اور الطاف حسین کاظمی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ۔

25 اکتوبر 1989 کووزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو نے اسلام آباد میں سپریم کورٹ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا ۔

یکم اکتوبر 1990 کو سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ جام صادق علی نے الطاف حسین کے خلاف تمام مقدمات واپس لینے کا اعلان کیا۔

2 اکتوبر 1991 کو کراچی میں ہفت روزہ میگزین ’تکبیر ‘ کے ایڈیٹر صلاح الدین کے گھر پر حملہ کیاگیا ، جوابی فائرنگ میں 17 سالہ نوجوان شعیب جاں بحق ہوگیا ۔

یکم اکتوبر 1993 کو الطاف حسین نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ، جبکہ 7 اکتوبر 1993 کو ایم کیو ایم نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لیا ۔

اکتوبر میں پیش آنے والے ملکی تاریخ کے اہم واقعات
19 اکتوبر 1993 کو بینظیر بھٹو وزیر اعظم منتخب ہوئیں

19 اکتوبر 1993 کو بینظیر بھٹو وزیر اعظم منتخب ہوگئیں ۔

7 اکتوبر 1998 کو آرمی چیف جنرل جہانگیر کرامت اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے اور وزیر اعظم نواز شریف نے منگلا کے کورکمانڈر لیفٹنٹ جنرل پرویز مشرف کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر چیف آف آرمی اسٹاف مقرر کردیا ۔

12 اکتوبر 1999 کو جنرل پرویز مشرف نے وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت کو برطرف کردیا اور جنرل مشرف ملک کے چیف ایگزیکٹو بن گئے ۔

21 اکتوبر 1999 کو چیف ایگزیکٹو جنر ل پرویز مشرف نے چاروں صوبوں میں گورنروں کی تقرری کا اعلان کیا ، جن میں لیفٹنٹ جنرل (ر) محمد شفیق صوبہ سرحد (موجودہ خیبر پختونخوا ) ، لیفٹنٹ جنرل محمد صفدر کو پنجاب کا جبکہ ایئر مارشل (ر) عظیم داؤد پوتہ کو سندھ اور جسٹس (ر) امیر الملک مینگل کو بلوچستان کا گورنر مقرر کیا گیا ۔

28 اکتوبر 2000 کو لاہور میں پاکستان کی پہلی فوڈ اسٹریٹ کا افتتاح کیا گیا، یہ فوڈ اسٹریٹ گوالمنڈی میں چیمبر لین روڈ پر قائم کی گئی ۔

یکم اکتوبر 2002 کو جیو نیوز نے اپنی باقاعدہ نشریات کا آغاز کیا۔

5 اکتوبر 2002 : 5 اور 6 اکتوبر کی درمیانی شب گھڑیا ں واپس ایک گھنٹہ پیچھے کردی گئیں۔

7 اکتوبر 2002 روزنامہ جنگ نے ملتان سے اپنی اشاعت کا آغاز کیا ۔

16 اکتوبر 2002 کو کراچی میں محکمہ داخلہ ، ڈی آئی جی اور سی آئی ڈی دفاتر میں پارسل بموں کے ذریعے دھماکے ہوئے جس میں 9 افراد زخمی ہوئے ۔

17 اکتوبر 2002 کو آزاد کشمیر میں اردو کی جگہ انگریزی کو دفتری زبان قرار دیا گیا ۔

6 اکتوبر 2003 کو رکن قومی اسمبلی اور تنظیم ملت اسلامیہ کے سربراہ مولانا اعظم طارق اپنے چار ساتھیوں سمیت دہشتگردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے ۔

29 اکتوبر 2004 کو مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف کے والد میاں محمد شریف جدہ میں وفات پاگئے ۔

14 اکتوبر 2004 کو ٹی وی کی معروف فنکارہ و پروڈیوسر آفرین بیگ کو کراچی میں قتل کردیا گیا ، آفرین بیگ 14 اکتوبر کو کلفٹن میں واقع اپنے گھر میں پراسرار طور پر مردہ پائی گئی تھیں، پولیس نے ان کے قتل کے الزام میں آفرین بیگ کے شوہر فاروق مینگل کو گرفتار کرلیاتھا ۔

16 اکتوبر 2004 کراچی کے سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کراچی میں ایف ٹی سی فلائی اوور کا افتتاح کیا تھا ۔

31 اکتوبر 2004 کو سیالکوٹ کی مسجد میں بم دھماکا ہوا ، جس میں 30 نمازی شہید اور 50 زخمی ہوگئے ۔

7 اکتوبر 2005 کو ایم کیو ایم کے سید مصطفی کمال سٹی ناظم مقرر ہوئے ۔

8 اکتوبر 2005 کو اسلام آباد ، سرحد ، پنجاب اور آزاد کشمیر میں ملکی تاریخ کا بد ترین زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں 50 ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے اور کئی علاقے صفحہ ہستی سے مٹ گئے ۔

5 اکتوبر 2006 کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز کے قریب سے دو راکٹ برآمد ہو ئے ، جس کے بعد انٹیلی جنس اداروں نے سات افراد کو گرفتار کرلیا ۔

6 اکتوبر 2006 شہریار خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سر براہی سے استعفیٰ دے دیا،ا ن کے بعد ڈاکٹر نسیم اشرف پی سی بی کے سربر اہ مقرر کیے گئے۔

27 اکتوبر 2006 کو پاکستان کے سابق صدر غلام اسحاق خان پشاور میں وفات پاگئے ۔

30 اکتوبر 2006 کو باجوڑ میں مدرسے پر امریکی بمباری سے غیر ملکیوں سمیت 83 افراد جاں بحق ہوئے جن میں مدرسے میں پڑھنے والے بچے بھی شامل تھے ۔

12 اکتوبر 2007 کو انضمام الحق نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا۔

18اکتوبر 2007 کو بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی ہوئی اور ان کے استقبال کے لیے منعقدہ جلوس میں 2 بم دھماکے ہوئے جس میں 138 افراد جاں بحق ہوئے ۔

5 اکتوبر 2008 کو مردان میں وزیر اعلیٰ کے پی کے امیر حیدر خان ہوتی کے آبائی گھر پر راکٹ حملہ ہوا ، حملے کے وقت امیر حیدرخان ہوتی کے والد اعظم ہوتی گھر پر موجود تھے ۔

6 اکتوبر 2008 کو بھکر میں رکن قومی اسمبلی رشید اکبر نوانی کے ڈیرے پر خود کش حملہ ہوا، جس میں 26 افراد جاں بحق ہوئے ۔

29 اکتوبر 2008 کو بلوچستان میں شدید زلزلہ آیا جس میں 210 افراد جاں بحق ہوئے ۔

31 اکتوبر 2008 کو شمالی اور جنوبی وزیر ستان میں امریکی میزائل حملے میں 33 افراد جاں بحق ہوئے ۔

31 اکتوبر 2008 کو ملک بھر میں رات بارہ بجے گھڑیاں ایک گھنٹا پیچھے کردی گئیں۔