پشاور (نامہ نگار) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں ٹریفک کا گھمبیر مسئلہ حل کرنے کے لئے پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سپیشل ٹریفک مجسٹریٹ تعینات کرنے اور شہر کو 6 زونز میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلہ پر عملدرآمد کے لئے تمام متعلقہ حکام کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اس بات کا فیصلہ پشاور میں ٹریفک کے سنگین مسئلے کے حل کے لئے منصوبہ بندی کے لئے وزیراعلیٰ کی صدارت میں منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ‘ پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے پشاور میں ٹریفک پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور میں ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کے لئے شہر کو 6 زونز میں تقسیم کیا جائے گا اور پہلے مرحلے کا آغاز زون ایف سے کیا جائے گا جس کے لئے 2 سو ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ منصوبے کے پی سی ون میں محکمہ پولیس کی تجاویز کو بھی شامل کیا گیا جبکہ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سپیشل ٹریفک مجسٹریٹ کی تعیناتی کے بھی احکامات جاری کئے گئے۔