کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئےہوئے تجزیہ کاروں نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمٰن چاہتے ہیں کہ میچ کا فیصلہ تھرڈ امپائر کرے اور یہی ہماری سیاست کی بدقسمتی ہے۔پروگرام میں حفیظ اللہ نیازی،محمل سرفراز ،ارشاد بھٹی، مظہر عباس اور ریما عمر نے اظہار خیال کیا۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ مولانا فضل الرحمٰن اقتدار سے محرومی کا بدلہ پاکستان کے عوام کو اذیت دے کر لینا چاہتا ہے، ایک ایسا شخص ملک کے مقبول وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہا ہے جو اپنے حلقے سے الیکشن ہار گیا، وزیراعظم کا استعفیٰ دیوانے کی بڑک تو ہوسکتی ہے لیکن حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، مولانا اسلام کے لبادے میں مذہبی کارڈ کھیلتے ہوئے اسلام آباد تک پہنچے ہیں، انتظامیہ نے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں آزادی مارچ کیلئے کوڈ آف کنڈکٹ طے کیا، مولانا فضل الرحمٰن معاہدہ نہ ماننے کی بات کر کے اپنے وعدوں سے انحراف کررہے ہیں۔