• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جَو (Oat) قدرت کا عطا کردہ ایک عظیم تحفہ ہے، جس کا استعمال انسانی جسم کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ اسے غذائیت سے بھرپور اناج سمجھا جاتا ہے۔ اس کے ذائقے اور غذائیت کو پھل یا دیگر اشیا میں شامل کرکے بڑھایا جاسکتا ہے۔ دنیا بھر میں جَو کو اوٹ میل کوکیز، اوٹ گرین بریڈ یا پھر مختلف صورتوں میں خوراک کا حصہ بنایا جاتا ہے۔

جَو کے فوائد


جَو کی غذائی اہمیت کے پیش نظر دنیا کے کچھ ممالک میں ماہ جنوری ’’ جو کے مہینے‘‘کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔ یورپی ممالک میں رہنے والے اس ماہ جَو کو اپنی خوراک میں شامل کرنے کے مختلف طریقے اپناتے ہیں۔ آپ بھی مختلف ریسیپیز کی صورت جَو کو اپنی ڈائٹ کا حصہ بنا سکتے ہیں۔ آئیے جَو کے فوائد پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

جَو کیوں اہم ہے؟

یہ روئے زمین پر پایا جانے والا ایک صحت مند اناج ہے، جس کا سائنسی نام اوینا سیٹیوا ہے۔ جَو ایک گلٹن فری ہول گرین ہے جو وٹامنز،منرلز ، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس کا ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ جَو کے دلیے کے حوالے سے مختلف مطالعات انسانی صحت پر مفید اثرات کو ثابت کرتے ہیں ،جنہیں اس طرح بیان کیا جاسکتا ہے ۔

آدھا کپ(78گرام) خشک جَو میں روزمرہ حاصل کیے جانے والے غذائی اجزاء کی تفصیل کچھ یوں ہے۔

٭ مینگنیز (191فیصد) ٭ فاسفورس (41فیصد) ٭ میگنیشیم (34فیصد) ٭ کاپر (24فیصد) ٭ آئرن (20فیصد) ٭ زنک (20فیصد) ٭ فولیٹ (11فیصد) ٭ وٹامن بی (39فیصد) ٭ وٹامن بی 5 (10فیصد)

طبی فوائد

٭ جَو کو اینٹی آکسیڈنٹس اور فائدہ مندمرکبات (پولیفینول) کا ذخیرہ قرار دیا جاتا ہے۔ ایک خاص اور اہم اینٹی آکسیڈنٹ ایویننتھرامائڈ (Avenanthramides) بھی ہے، جو مکمل طور پر جَو میں پایا جاتا ہے۔ ایویننتھرامائڈ، نائٹرک آکسائیڈ کی تیاری میں مدد کرکے بلڈ پریشر کی سطح کو کم کرتا اور خون کے بہاؤ کو بہتر بناتا ہے۔

٭جَو میں ایک قسم کا حل شدہ فائبر ’’بیٹا گلوکن‘‘ بڑی مقدار میں پایاجاتا ہے، جس کے ذریعے کولیسٹرول کی سطح کو کم رکھا جاسکتا ہے۔ساتھ ہی فائبر کی یہ قسم ہاضمہ بہتر بنانے والے بیکٹریا کی نشوونما کو بھی بڑھاتی ہے ۔

٭جَو بالخصوص ان افراد کے لیے بہترین غذا تصور کیا جاتا ہے، جن کا وزن ذیابطیس ٹائپ ٹو کے سبب بڑھ جاتا ہے۔ جَو خون میں شوگر کی سطح کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے، ساتھ ہی اس کے استعمال کے ذریعے انسولین کی حساسیت کو بھی بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

٭یہ ناشتے کے لیے ایک بھرپور غذا ہے، اسے کھانے کے بعد دیر تک بھوک نہیں لگتی اور پیٹ بھر ابھرا محسوس ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ جَو میں پایا جانے والابیٹا گلوکن PPYنامی ہارمون کے اخراج کو فروغ دیتا ہے، جس سے دن بھر میں کئی کیلوریز کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

٭ اسے جِلد کی صحت بہتر بنانے کا ذریعہ بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔ مزید برآں، جَو کا گاڑھا دلیہ (Colloidal oatmeal) گزشتہ کئی برسوں سے خشک اور خارش والی جِلد کے لیے بطور علاج استعمال کیا جارہا ہے۔

٭یہ کینسر سے محفوظ رکھ سکتا ہے، اسے کھانے سے قبض بھی نہیں ہوتا۔ جَو میں چونکہ اچھی خاصی مقدار میں فاسفور س اور کاپر موجود ہوتے ہیں، اس لیے یہ ہڈیو ں کو مضبوط کرتے ہوئے آپ کو جوڑوں کے درد اور ہڈیوں کی بیماریوں سے محفوظ رہنے میں مدد کرتا ہے۔ اس قدرتی غذا کا استعمال رنگت نکھارنے اور جھریو ں کو روکنے میں بھی مد د کرتا ہے۔

وزن میں کمی

ڈائٹ پلانز کم کیلوری اور کم چربی والے ہوتے ہیں۔ جَو کے دلیے پر مبنی ڈائٹ پلان آپ کا وزن کم کرنے کیلئے بہتر ثابت ہوسکتاہے کیونکہ اسے کھانے کے بعد آپ زیادہ دیر تک شکم سیری محسوس کرتے ہیں اور آپ کو جلد کھانا کھانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ مزید یہ کہ دلیہ آپ کو فائبر فراہم کرنے اور ہاضمہ کے نظام میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔

یہ ایک کم خرچ ڈائٹ بھی ہے، ورنہ تو آپ کو وزن کم کرنے کیلئے زیادہ رقم بھی خرچ کرنی پڑسکتی ہے۔ صحتمند طرز زندگی اور ڈائٹ پلان پر عمل کرنے کے لیے تجویز کیا جاتا ہے کہ آپ روزانہ کی بنیاد پر ورزش کی عادت بھی اپنائیں۔ اس طرح آپ اپنے جسم کو فٹ رکھنے میں کامیاب ہوسکیں گے۔

جَو کا دلیہ

جَو کے دلیے کی ڈائٹ کے حوالے سے بنیادی خیال یہی ہے کہ اسے دن میں دو یا پھر ایک بار کھایا جائے۔ اوٹ میل ڈائٹ پلان دو مراحل پر مشتمل ہے۔

مرحلہ1: پہلے ہفتے میں روزانہ تین ٹائم معمول کے کھانے کے بجائے صرف دلیہ کھائیں۔ آپ کو چھنے ہوئے جَو کے بجائے ثابت چھلکے والے جَو کا دلیہ کھانا چاہئے، ساتھ آپ کچھ پھل اور اسنیکس بھی کھا سکتے ہیں۔

مرحلہ2: پہلے ہفتے کے بعد آپ دوسرے ہفتے، دن میں ایک یا دوبار کھانے کے اوقات میں دلیہ کھائیں گے۔ البتہ اس کے ساتھ آپ کھانے میں صحت بخش اور کم چربی والی غذائیں بھی لیں گے۔

تازہ ترین