لائیو موسیقی کا شوق رکھنے والے ریچھوں کا ایک جوڑا امریکی ریاست کولوراڈو کے مشہورِ زمانہ ریڈ راکس ایمفی تھیٹر میں ہونے والے ایک کنسرٹ کے لیے داخلے کے منتظر لوگوں کے ہجوم میں شامل ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کنسرٹ میں داخلے کے منتظر مداحوں نے اِن 2 شوخ ریچھوں کو موریسن میں واقع کنسرٹ کے مقام کے باہر گھومتے ہوئے دیکھا، دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ شو اِن ٹو دا وائلڈ ٹور 2025ء کا حصہ تھا۔
ریڈ راکس کے ملازم جون ایمنڈسن نے ایک ریچھ کی تصویر کھینچی جو ایک کونے سے مُڑ کر اندر جانے کے لیے قطار میں کھڑے لوگوں کی طرف آ رہا تھا، ایمنڈسن نے کہا کہ ریچھوں نے کوئی جارحانہ یا دھمکی آمیز رویہ اختیار نہیں کیا۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں ریچھ بہت پُرسکون تھے، ڈرپوک نہیں تھے اور ایک دوسرے کے ساتھ بہت کھیل رہے تھے، وہ سڑک پار کر کے گئے، بھاگے نہیں، جبکہ پسِ منظر میں موجود لوگوں سے بھی ریچھ زیادہ پریشان نظر نہیں آئے، یہ یقینی طور پر ایک شاندار نظارہ تھا، یہ پہلی بار تھا کہ انہوں نے اس مقام پر کسی ریچھ کو دیکھا۔
ایک اور سیاح نے قریبی پگڈنڈی پر ریچھوں کی ویڈیو بنائی۔
ریڈ راکس کے حکام نے وینیو کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر لکھا کہ ایک کھلے مقام (اوپن ایئر وینیو) کے طور پر جو پارکوں اور پگڈنڈیوں سے گھرا ہوا ہے، ہم سال بھر ہر قسم کی مخلوقات کے مداحوں کی میزبانی کرتے ہیں، جنگلی حیات کے قریب کبھی نہ جائیں اور اگر آپ کو مدد کی ضرورت ہو تو ہمارے کسی پارک رینجر سے رابطہ کریں۔