• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے عوام دنیا کے مشکل ترین حالات میں مزے لینے والی قوم ہے، جس کو کوئی بڑے سے بڑا سانحہ ہو یا مہنگائی کا بےقابو جن یا آج کل کرونا وائرس کی آمد آمد، سب مشکلات اور مسائل کا ادراک ہونے کے باوجود اللہ تعالیٰ نے بےپناہ ہمت اور طاقت دی ہے لیکن بدقسمتی یہ ہے 70سال میں ایک بھی حکمران سول ہو یا فوجی‘ خوبصورت اردو اور انگریزی میں اچھی اچھی تقاریر کرکے بھی عوام کو مطمئن کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ اب موجودہ حکمرانوں سے سب کو بڑی امیدیں تھیں کہ کم از کم یہ تو پاکستان کا معاشی نقشہ بدل دیں گے اور عوام کو انصاف ملے یا نہ ملے، کم از کم دو وقت کی روٹی تو مل سکے گی مگر صورتحال اس کے برعکس نکلی۔ جس میں حکومت کی کمزور ترین گورننس اور ٹیم لیڈر کے اندر اچھی اور بہترین ٹیم کا انتخاب کرنے کی صلاحیت بھی نہیں نکلی۔ ٹیم عملاً موجودہ سوشل سیکٹر کے حوالے سے اسمارٹ ضرور ہے مگر عملی طور پر کچھ ڈیلیور کرنے کی صلاحیت سے محروم نظر آ رہی ہے، پہلے کئی وجوہ کی بنا پر مہنگائی میں اضافہ اور اس پر قابو پانے میں حکمرانوں کی کارکردگی مایوس کن رہی جس پر پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والوں کو مخالف حلقوں میں طعنے بھی سننے کو مل رہے ہیں، اس لیے اب وزیراعظم عمران خان کے لیے بہتری کا راستہ یہی ہے کہ وہ عوام کے معاشی حالات میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کریں کیونکہ عوام کے سامنے اچھی اچھی تقریریں کرنے سے کام نہیں چلے گا۔ عوام کو تو روٹی چاہئے اور معاشی حالات میں بہتری، ایسی صورتحال میں کرونا وائرس کے پاکستان آنے کی خبروں نے ان کی مایوسی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے غیر سنجیدہ حلقوں میں یہ بات کہی جا رہی ہے کہ چونکہ پاکستان کی برآمدات میں تو اضافہ نہیں ہو رہا تو کسی طرح کرونا وائرس کے آتے ہی اس کو برآمد کر دیا جائے اور وہ بھی صرف اور صرف بھارت! جہاں اس وقت پاکستان دشمنی زوروں پر ہے۔ اس حوالے سے حکومتی حلقوں میں سنجیدگی سے کرونا وائرس کے اثرات کو روکنا ہوگا اور ہمارے دوست ملک چین سے بھی بھرپور تعاون کرنا ہوگا، اگر خدانخواستہ کرونا وائرس کے اثرات یہاں بڑھ گئے تو ہماری معیشت اور عوام دونوں اس سے بری طرح متاثر ہو سکتے ہیں، اگر ایسا ہوگا تو پھر کیا ہو گا؟ اس بارے میں حکمران اور عوام دونوں کو سوچنا چاہئے۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین