بھارتی سینئر اداکار رشی کپور نے وزیر اعظم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم کو کورونا وائرس کے حوالے سے اپنے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دینا چاہیے۔
دو روز قبل بھارتی سینئر اداکار رشی کپور نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’تمام تر احترام کے ساتھ میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو ایک مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ عمران خان کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے ملک کے عوام کو کورونا وائرس کے حوالے سے مناسب احتیاط برتنے کا مشورہ دیں۔‘
رشی کپور نے لکھا کہ ’پاکستان کے لوگ ہمیں بہت پیارے ہیں کیونکہ ایک وقت تھا کہ جب ہم سب ایک تھے، اِسی لیے ہمیں بھی پاکستان کے لوگوں کی فکر ہے۔‘
بھارتی اداکار نے لکھا کہ’کورونا وائرس ایک عالمی بحران ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ’یہ ایک ایسا وقت ہے کہ کسی کی انا سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ہم پاکستانیوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔‘
آخر میں رشی کپور نے ’انسانیت زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا۔
رشی کپور کے اِس ٹوئٹ پر پاکستان کے معروف گلوکار شفقت امانت علی نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کی محبت اور احترام کے لیے آپ کا بہت بہت شکریہ۔‘
شفقت امانت علی نے لکھا کہ ’آپ بالکل ٹھیک کہتے ہیں کہ ہم سب ہی اِس وبا کے شکار ہیں اور اِس وقت صرف ممالک کے بارے میں نہیں سوچنا ہے بلکہ پوری انسانیت کے بارے میں سوچنا ہے۔‘
گلوکار نے لکھا کہ ’انسانیت زندہ باد! اُمید ہے کہ ہم جلد ہی اِس مسئلے پر قابو پالیں گے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 500 ہو گئی ہے۔