کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹوکیو اولمپکس گیمز کے التواء کے بعد امکان ہے کہ2020 اولمپکس میں حصہ لینے والے کئی ملکوں کی فٹبال ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کے اولمپکس گیمز میں شرکت کا خواب چکنا چور ہوجائے گا۔ اولمپکس اور فیفا کے ضابطے کے مطابق اولمپکس گیمز میں صرف انڈر23 کھلاڑی حصہ لینے کے اہل ہوتے ہیں، اولمپکس گیمز کے ملتوی ہونے سے زیادہ نقصان جنوبی کوریا کو ہوگا جس کے آٹھ کھلاڑی اگلے سال زائد العمر ہوجائیں گے۔ آئی او سی نے اس حوالے سے فیفا سے مزید مشاورت کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ آئی او سی کا کہنا ہے کہ کئی ملکوں نے جو ٹوکیو اولمپکس میں رسائی حاصل کرچکے ہیں انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ برس تک انہیں اپنے کھلاڑیوں کی عمروں کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہوگا۔ اگر فیفا نے کوالیفائرز کھلاڑیوں کو اگلے سال ان کھیلوں میں شرکت کی اجازت دے دی تو یہ اولمپکس گیمز کی نئی تاریخ رقم ہوگی۔