مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک اور عوام کورونا سے لڑ رہے ہیں جبکہ نیب نیازی گٹھ جوڑ شہباز شریف سے لڑ رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ ن جماعت کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو نیب کی جانب سے ملنے والے نوٹس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوری عمران صاحب کی پکڑی گئی ہے اور نیب میں طلبی شہباز شریف کی ہو رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ الزام لگاتا ہے اور ثبوت دینے کی باری آتی ہے تو عدالتوں سے بھاگ جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرٹیفائیڈ آٹا، چینی، گیس چوروں کے لیے نیب نیازی گٹھ جوڑ کی آنکھیں بند ہیں، شہباز شریف کے خلاف جب کچھ نہ ملا تو نیب نیازی گٹھ جوڑ کو وراثتی جائیداد یاد آ گئی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کورونا عوام کی جان لے رہا ہے اور نیب نیازی گٹھ جوڑ سیاسی انتقام لے رہا ہے۔