• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ شہر کا ایک پوش علاقہ تھا۔ مغیث صاحب اور اُن کی بیگم ٹی وی لاؤنج میں بیٹھے نیوز دیکھنے میں مصروف تھے۔ خبریں خاصی تشویش ناک تھیں۔چِین کے شہر، ووہان سے پھیلنے والا کورونا وائرس اب پاکستان میں پنجے گاڑ رہا تھا ۔ حکومت کی طرف سے لوگوں کوبار بار گھروں میں محدود رہنے کی تاکید کی جارہی تھی۔ صُورتِ حال مزید سنگین ہونے پر مکمل کرفیو لگنے کا بھی خدشہ تھا۔یہ سب سُن کر گھر کا ماحول ٹینشن زدہ ہوگیا۔ مغیث صاحب نے خبریں سُنتے ہی سب کی بہتری کے لیے فوری طور پرکچھ فیصلے کیے اور اگلی ہی صبح خانسا ماں، ڈرائیور، مالی اور دیگر ملازمین کو غیر معیّنہ مدّت کے لیے رخصت دے دی۔ ان کا ذاتی کاروبار تھا، اس لیےبیٹے کو تاکید کی کہ اب دفتر کا زیاد ہ تر کام ’’آن لائن‘‘ ہی کرے۔ 

بہو، راضیہ ایک این جی او چلاتی تھی۔ اُس نے بھی کچھ دِنوںکے لیےاپنی تمام ترسرگرمیاں محدود کرلیں۔ بیٹی، علیزے یونی وَرسٹی میں زیرِ تعلیم تھی، اس کی یو نی ورسٹی نے بھی حکومت کے اعلامیے پر چھٹیاںدے کر آن لائن کلاسز کا آغاز کر دیا۔پوتا، پوتی بھی گھر ہی پر تھےکہ اسکول کی چھٹیاں ہو گئی تھیں۔بہو ، بیٹے نے ایک ہی بار جاکرڈھیر وں ڈھیر راشن ، سرجیکل ماسکس اور ضروری ادویہ وغیرہ خرید لیں۔جب وہ دونوں شاپنگ کرکے گاڑی میں بیٹھنے لگے، تو سامنے میلے کچیلےکپڑے پہنے، غبارے بیچنے والے بچّوں کو زمین پر بیٹھےنان ،چنے کھاتا دیکھ کرراضیہ بڑبڑائی، ’’یہی جاہل مروائیں گے سب کو…‘‘ سارا راستہ وہ اس مُلک کے غریب اور اَن پڑھ طبقے کو کوستی رہی۔بالآخر، گھر پہنچتے ہی سب سے پہلے شاوَر لیا اور پھر اے سی آن کرکے سو گئی۔

شروع شروع میں تو سب کو پورا دن گھر رہنے کی روٹین عجیب لگی، مگر آہستہ آہستہ عادی ہوگئے۔سب مِل جُل کرکام کاج نمٹا رہےتھے۔ بیگم مغیث نے کچن سنبھال لیا ، روز نِت نئی ریسیپیزٹرائی ہوتیں۔ بچّوں کے من پسند کھانوں سے دسترخوان سجا رہتا۔ دوستوں، رشتے داروں کو تصاویر بھیجی جاتیں، سوشل میڈیا پر ’’I made it‘‘ کے ہیش ٹیگز کے ساتھ اسٹیٹس اور تصاویراَپ لوڈ کی جاتیں۔دوسری جانب، علیزے اور راضیہ با غ بانی میں دل چسپی لے رہی تھیں۔ پودوں کی دیکھ بھال میں اچھا وقت گزر جاتا تھا۔ بیٹا بھی صفائی ستھرائی اور کپڑے دھونے میں ہاتھ بٹا رہا تھا۔ حیرت کی بات تھی کہ سارے کام خود کرنے کے باوجود گپ شپ اور اِن ڈور گیمز کھیلنے کے لیے ڈھیر سارا وقت بچ جاتا۔ بچّوں کی وجہ سے گھر میں خوب چہل پہل رہتی۔ وہ گھر ، جس میں پہلے ایک سنّاٹا سا طاری رہتا تھا، اب خوش کُن آوازوں سے گونجتا رہتا ۔ 

جہاں ایک دوسرے کا چہرہ دیکھنے کے لیے’ ’وِیک اینڈ‘ ‘کا انتظار کرنا پڑتا تھا، اب روز ہی ملاقات ہونے لگی۔یہ حال صرف مغیث صاحب کے گھر کا نہیں تھا، بلکہ اس علاقے کی قطار دَرد قطار وسیع و عریض کوٹھیوں میں اب کم و بیش یہی ماحول تھا۔ زندگی دفاتر، بڑے بڑے شاپنگ مالز اور فائیو اسٹار ریسٹورنٹس سے سمٹ کر، گھروں میں سانس لےرہی تھی۔جب کہ اسی بڑے شہر کے ایک مضافاتی علاقے میں موجود کچّی بستی کی ایک جھونپڑی میں لیٹا عبدالغفور بے چینی سے کروٹ پر کروٹ بدل رہا تھا۔ نیند اس کی آنکھوں سے کوسوں دُور تھی۔وہ سوچوں کے کسی بھنور میں پھنسا تھا کہ جانے شہر کس عفریت کی لپیٹ میں آگیا ہے، جہاں زندگی پہلے ہی سِسک سِسک کر چلتی تھی، وہ اب ختم ہونے کو آئی ہے۔ عبد الغفور ایک دیہاڑی دار مزدور تھا۔ روز کے چند سو کماتا تھا ،تو اس کے بیوی بچّے دو وقت کی روٹی کھاپاتے ، مگر اب کئی دِنوں سے کام ،دھندا با لکل بند تھا۔ 

آج بھی جب وہ خالی ہاتھ لوٹا، تو اس کی بیوی اور بچّوں کی آنکھ کے جگنو بجھ گئے۔ ان کی نم آنکھوں میں سوال ہی سوال تھے، ایسے مشکل سوالات ،جن کا جواب عبدالغفور کے پاس ہرگز نہ تھا۔ جب کچھ دیر بعد بیوی نے پلیٹ میں پتلی سی دال اور سوکھی روٹی نکالی ، تو اس نے فوراً پوچھا ’’تم نے اور بچّوں نے کچھ کھایا؟‘‘ ’’ہاں، ہاں! ہم سب نے کھالیا ہے ،تم فکر مت کرو۔‘‘جب وہ روٹی کھا چُکا تو بیوی نے روہانسی آواز میں پوچھا ’’منّی کی گلّک توڑ کر جو پیسے نکالے تھے، وہ آج ختم ہوگئے۔ کل کیا ہوگا…؟؟‘‘ ’’ہوجائے گا کچھ نہ کچھ ۔تم پریشان نہ ہو…‘‘بیوی کو تسلّی دیتے ہوئے وہ منہ پھیر کر لیٹ گیا۔ وہ جانتا تھا کہ اس کی بیوی نے مُنی کا گلّک نہیں ،اُس کے خواب توڑے تھے۔ کتنے مہینوں سے وہ گڑیا اور اس کی چیزیں خریدنے کے لیے پیسے جوڑ رہی تھی ،مگر فاقوں کے ڈر سے انہوں نے منّی کی معصوم خواہش کا گلا گھونٹ دیاتھا۔ جانے وہ کیا سوچتی ہوگی کہ اس کے ماں، باپ کتنے ظالم ہیں۔

اگلے دن وہ بچّوں کے اُٹھنے سے پہلے ہی منہ اندھیرے گھر سے چوروں کی طرح نکل گیا۔ وہ نہ جانے کتنی دیر شہر بھر میں بھٹکتا پھرا، مگر مزدوری نہ ملی۔ کام تو کیا ملتا، اُلٹا پولیس والوں نے گھر لوٹنے کو کہہ دیا۔ حالاں کہ وہ خود بھوک سے نڈھال تھا،لیکن روح بیوی بچّوں کی بھوک کے بارے میں سوچ کر بے چین تھی۔ اُسے یوں محسوس ہورہا تھا، جیسے وہ چکراکر گر جائے گا، مگر بچّوں کے چہروں نے اس کی ہمّت بندھائی اور وہ چلنے لگا۔ چلتے چلتے تھک گیا تو ایک بینک کی بند عمارت کی سیڑھیوں پر سَستانے بیٹھ گیا۔ سامنے ہی ایک بڑا سا اسٹور تھا۔ وہاں گاڑیوں کی قطاریں لگی تھیں۔ لوگ دھڑا دھڑا ٹرالیاں بھر کر باہر لارہے تھے اور سامان گاڑیوں میں ٹھونس رہے تھے۔ عبدالغفور حیرانی سے انہیں دیکھنے لگا ،جیسے وہ سب کسی اور ہی دنیا کی مخلوق ہوں۔ 

جیسے ہی کوئی آدمی یا عورت ٹرالی بھر کر باہر آتی، بھکاری اسے گھیر لیتے اور کچھ نہ کچھ لے کر ہی ٹلتے۔ عبدالغفور کا دھیان پھر اپنے بچّوں کی طرف چلا گیا۔ شام کے سائے پھیل رہے تھے اور نااُمیدی دل میں ڈیرے جمانے لگی تھی۔ ’’جانے آج بچّوں کا پیٹ کیسے بھرے گا؟ نہ جانے میری مُنّی گُلّک ٹوٹنے پر کتنا روئی ہوگی؟‘‘ اس نے دل ہی دل میں سوچا تو اس کی آنکھیں بھر آئیں۔ آج عبد الغفور میں خالی ہاتھ گھر جانے کی با لکل ہمّت نہ تھی۔ اس کی نگاہیں بار بار گاڑیوں میں سامان بھرتے انسانوں اور ہاتھ پھیلاکر مانگتے گداگروں کی طرف جا رہی تھیں۔ اس کا اپنا وجود کہیں معلّق تھا، عزّتِ نفس اور بھوک کے درمیان تھپیڑے کھاتا ہوا۔ اُسے رزقِ حلال کمانے والا اپنا باپ یاد آیا، جس نے اس کے اندر بھی حلال روزی کمانے کا جذبہ کُوٹ کُوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ اس نے ہمیشہ اپنے بچّوں کو محنت کی کمائی ، رزقِ حلال کھلایا تھا۔ 

غریبی، مفلسی کے با وجود ، نہ کبھی کسی کے آگے ہاتھ پھیلائےتھے اور نہ ہی کسی کے مال کو نظر بھر کر دیکھا تھا، تو پھر آج کیوں کھانے پینے کی چیزوں کے انبار دیکھ کر اس کی بے قراری بڑھتی جارہی تھی۔ اس نے دل ہی دل میں اپنی سرزنش کی، مگر یہ خود داری اور بھوک کی جنگ تھی ۔ بھوک، جو بے حد ظالم ہوتی ہے ۔بھوک، جو انسان سے اس کی عزّت ِ نفس چِھین لیتی ہے۔ عبدالغفوربھی اپنے بچّوں کی بھوک کی خاطر ہار مان گیا، لڑکھڑاتا ہوا اُٹھا اورسر جھکائےبوجھل قدموں سےجا کر بھکاریوں کے ساتھ کھڑا ہو گیا۔

تازہ ترین