• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رشی کپور کی موت نے بھارتی فنکاروں کو غمزدہ کردیا

بھارتی فنکاروں کی جانب سے بالی ووڈ سینئر اداکار رشی کپور کی موت پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے، اکشے کمار، پریانکا چوپڑا، اجے دیوگن سمیت دیگر بھارتی فنکار رشی کپور کی موت پر بے حد افسردہ ہیں۔

بالی ووڈ فلم اسٹار اکشے کمار نے مائیکر و بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایسا لگ رہا ہے کہ ہم سب ایک خوفناک خواب کی زد میں آگئے ہیں۔‘

اکشے کمار نے لکھا کہ ’رشی کپور کی موت کی خبر ہمارے لیے دل دہلا دینے والی بات ہے، وہ ایک لیجنڈ، ایک بہترین ساتھی اداکار اور میرے بہت اچھے دوست تھے۔‘

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں رشی کپور کے اہلِ خانہ سے اظہار افسوس بھی کیا۔

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ٹوئٹر پر رشی کپور اور نیتو کپور کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’رشی کپور کی موت نے میرا دل بھاری کردیا ہے، اُن کی موت بالی ووڈ کے ایک دور کا اختتام ہے کیونکہ اب ہم دوبارہ ان جیسی بےحد اور کمال کی صلاحیتوں کو نہیں دیکھ سکیں گے۔‘

پریانکا چوپڑا نے لکھا کہ ’میں نیتو میڈم، ردھیما، رنبیر اور اُن کے باقی کنبے سے افسوس کا اظہار کرتی ہوں۔‘

اجے دیوگن نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں رشی کپور کی موت پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک کے بعد ایک دھچکا، رشی جی کی موت کی خبر میرے دل پر کسی وار سے کم نہیں ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں اور رشی کپور فلم ’راجو چاچا‘(2000) سے ایک دوسرے سے وابستہ تھے اور ہم اب تک ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں تھے۔‘

بھارتی لیجنڈری اداکار رجنی کانت نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’میرے سب سے پیارے دوست رشی کپور کی موت نے میرا دل توڑ دیا۔‘

بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کندرا نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ’ایک افسوس ناک خبر سے دن کا آغاز بہت ہی بُرا ہے، ایک لیجنڈری اداکار جسے دُنیا بھر کے لاکھوں لوگوں نے پسند کیا آج ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔‘

شلپا شیٹی نے لکھا کہ ’آپ کا انداز، آپ کی شان، آپ کی مُسکراہٹ ہمیں بہت یاد آئے گی، آپ آنے والی نسلوں تک زندہ رہیں گے۔‘

جان ابراہم نے ٹوئٹر پر رشی کپور کی تصویر کرتے ہوئے اُن کی موت پر افسردگی کا اظہار کیا۔

تمام بھارتی فنکاروں نے رشی کپور کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب سے تہہ دل سے اظہار افسوس کیا۔

یاد رہے کہ 1973سےبھارتی فلم انڈسٹری میں اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے بالی ووڈ سینئر اداکار رشی کپورجان لیوا مرض کینسر سے لڑتے ہوئے 67 سال کی عمر میں اِس دُنیا سےرخصت ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین