وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے بلاول بھٹوزرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام جسے چاہتے ہیں وہ وزیراعظم ہیں اور قوم کی بھرپور رہنمائی کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت کی رخصتی چوروں، لٹیروں کا خواب ہے، جو کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالنے والے جانتے ہیں کہ عمران خان سمجھوتہ کریں گے نہ کوئی رعایت دینگے۔
انہوں نے کہا کہ فرزند زرداری اور ان کی جماعت کو قوم نے عام انتخابات میں مسترد کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ کل انہوں نے بجٹ کی منظوری کے موقع پر بھی خفت اٹھائی۔
واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ ہمیں پاکستان کے لیے وزیراعظم چاہیے، بدقسمتی سے ہمارے پاس پی ٹی آئی کا وزیراعظم ہے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان خود کو واحد آپشن قرار دے رہے ہیں، اس حکومت کو اب جانا ہوگا۔