کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کراچی سرکلر ریلوے بحال کر نے کے اقدامات، آزمائشی طور پر ٹرین چلانے کا فیصلہ ، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کراچی سرکلر ریلوے بحال کر نے کے لئے کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کے سی آر منصوبہ پر عملدرآمد کے لئے کی جانے والی کوششوں اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی سٹی سے اورنگی تک کا آزمائشی ٹریک دو ماہ میں مکمل ہوگا پاکستان ریلویز نے تیاری شروع کر دی ہے 14 کلو میٹر تک اس روٹ پر چھ کلومیٹر ٹریک تیار ہو گیا ہے آٹھ کلومیٹر ٹریک کی مرمت اور تبدیلی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اس ٹریک پر وزیر مینشن، بلدیہ، شاہ عبد الطیف،، سائٹ منگھو پیر اور حبیب بنک اور اورنگی کے اسٹیشن قائم ہیںجبکہ پانچ ریلوے کراسنگ بھی واقع ہیں۔ ڈویثرنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلویز ارشد سلام خٹک نے کمشنر کو کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ پر عملدرآمد کے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا اردو بازاراسٹیشن سے ڈپو تک سیوریج لائن کی تنصیب و تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔