ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں ممبئی جانے والی پٹنہ پولیس کو اہم سراغ ملے ہیں ۔
پولیس کے مطابق ریا چکرورتی سشانت سنگھ راجپوت کا لیپ ٹاپ ، ایک موبائل اور ہارڈ ڈسک اپنے ساتھ لے کر چلی گئی ہیں ، جس میں سشانت سنگھ سے وابستہ کئی اہم معلومات حاصل ہونے کی امید ہے ۔
خیال کیا جارہا ہے کہ سشانت کے لیپ ٹاپ میں ریا چکرورتی کے خلاف کئی اہم ثبوت موجود ہوسکتے ہیں ۔
ایسے میں پٹنہ سے ممبئی گئی پولیس کی چار رکنی ٹیم کی پہلی ترجیح اب موبائل ، لیپ ٹاپ اور ہارڈ ڈسک حاصل کرنا ہے ۔پٹنہ پولیس کے ایک سینئر افسر کے مطابق سب سے بڑی وجہ ممبئی پولیس سے پوری طرح سے تعاون نہ مل پانا ہے ۔ پٹنہ پولیس کے ایک افسر کے مطابق پٹنہ پولیس کی ٹیم نے اب تک شیف اشوک ، مہیش بھٹ اور سشانت سنگھ کی بہن نیتو سنگھ کے علاوہ سشانت کے نوکر دپیش مرنڈا اور گارڈ سے پوچھ گچھ کی ہے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پوچھ گچھ میں پٹنہ پولیس کو کئی اہم معلومات ہاتھ لگی ہیں ۔
ذرائع کے مطابق پٹنہ پولیس کی ٹیم کو جو سب س بڑی اور چونکانے والی معلومات ملی ہیں وہ یہ ہے کہ سشانت ریا چکرورتی سے کافی ڈرتے تھے ۔
تفتیش کے دوران پٹنہ پولیس کی ٹیم کو یہ معلومات بھی ملی ہیں کہ ریا چکرورتی سشانت سنگھ راجپوت کو مسلسل بلیک میل کررہی تھیں اور سشانت سے ریا سے کافی ڈرتے تھے ۔
خیال رہے کہ سشانت خودکشی معاملہ میں بولی وڈ اداکار کے اہل خانہ نے جب سے خاموشی توڑی ہے ، اس وقت سے ہی معاملہ میں اب ہر روز نئے نئے موڑ آرہے ہیں ۔
پٹنہ میں سشانت کے والد کی درج کرائی گئی ایف آئی آر کے بعد بہار پولیس کی چار رکنی ٹیم معاملہ کی جانچ کیلئے ممبئی پہنچی ہے ، لیکن جب سے بہار پولیس ممبئی پہنچی ہے ، تبھی سے سشانت کی ایکس گرل فرینڈ ریا چکرورتی اپنے گھر سے غائب ہیں۔
سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے تقریبا ڈیڑھ ماہ بعد اداکار کے والد نے ریا چکرورتی کے خلاف کیس درج کرایا ہے ۔
اس معاملہ کے سامنے آنے کے بعد سے ہی ریا ممبئی میں اپنی رہائش گاہ سے غائب ہیں ۔
ٹائمز ناؤ کی ایک خبر کے مطابق اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب بہار پولیس کی ٹیم اداکارہ سے ملنے کیلئے ان کے گھر پہنچی ، لیکن پولیس کے ہاتھ مایوسی لگی ۔
بہار پولیس ریا چکرورتی کی اب ممبئی میں ہی دوسرے ٹھکانوں پر تلاش کررہی ہے ۔
تاکہ اس معاملہ میں ریا کا بیان لیا جاسکے ۔