• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ایک زرعی ملک ہے جو نہ صرف اپنی خوراک کی ضروریات پوری کرتا ہے بلکہ یہاں کی زرعی اجناس دوسرے ممالک کو برآمد بھی کی جاتی ہیں لیکن گزشتہ کچھ عرصہ سے ملک میں گندم اور آٹے کے بحران کا سامنا ہے۔ کبھی گندم اور آٹا مکمل طور پر مارکیٹ سے غائب ہو جاتے ہیں تو کبھی اِن کی قیمت میں من چاہا اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے گندم کی قیمتیں بڑھنے اور قلت کا ذمہ دار سندھ حکومت کو ٹھہرایا ہے۔ اُن کے بقول سندھ حکومت نے گندم نہیں نکالی ہے اور سندھ کے اپنے حصے کی گندم نہ دینے سے گندم مہنگی ہو رہی ہے۔ دوسری جانب پنجاب سندھ کی نسبت کافی سستا آٹا دے رہا ہے جبکہ وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ فخر امام کا کہنا ہے کہ حکومت نے اِس سال 66لاکھ ٹن گندم کاشت کاروں سےخریدی۔ اُنہوں نے کہا کہ گندم کی اِس قلت کے پیچھے کارٹیلائزیشن ہے جس کی نشاندہی کرنا صوبوں کی ذمہ داری ہے، صوبوں کو چاہئے کے کارٹلز ختم کریں۔ گندم کی ذخیرہ اندوزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ طلب اور رسد کے فرق کو ختم کرنے کیلئے گندم درآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اِن سب حکومتی اقدامات کے باوجود صوبوں میں آٹے کی قیمت مختلف ہے۔ پاکستان گندم پیدا کرنے والے ممالک میں آٹھویں نمبر پر ہے لیکن ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ سے گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرکے کارٹلز مستفید ہو رہے ہیں جبکہ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ روٹی ہماری غذا کا بنیادی جزو ہے لیکن ذخیرہ اندوزوں اور انتظامیہ کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے عوام روٹی سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔ ضرورت اِس امر کی ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں گندم اور آٹا بحران کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کے بجائے مل بیٹھ کر اِس بحران کے فوری خاتمے کی سبیل کریں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین