• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار کی بڈھ تھانے کے ایس ایچ او پر الزامات کی بوچھاڑ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

پشاور میں پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے بڈھ تھانے کے ایس ایچ او پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڈھ بیر میں پولیس نے ایف سی آر جیسا قانون نافذ کر رکھا ہے۔

پشاور پریس کلب میں علاقہ مکینوں کے ہمراہ پریس کانفرس کرتے ہوئے شاندانہ گلزار نے بڈھ تھانے کے ایس ایچ او پر الزام لگایا کہ بڈھ بیر پولیس چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے، اہل علاقہ شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔

رکنِ قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پولیس نے علاقہ مکینوں کا جینا محال کر دیا ہے اور قانون کی کوئی پرواہ نہیں کی جا رہی۔

شاندانہ گلزار نے مطالبہ کیا کہ بڈھ بیر کے ایس ایچ او کو فوری طور پر معطل کیا جائے، بصورت دیگر تحریک انصاف علاقے میں بھرپور احتجاج کرے گی۔

دوسری جانب آئی جی کے پی پولیس ذوالفقار حمید نے شاندانہ گلزار کی پریس کانفرنس کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او پشاور کو ایس ایچ او بڈھ بیر کے خلاف انکوائری کی ہدایت جاری کردی۔

آئی جی کے حکم پر سی سی پی او پشاور نے چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے۔

انکوائری افسر کو 48 گھنٹوں کے اندر مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، اگر الزامات ثابت ہوئے تو متعلقہ اہلکار کے خلاف ضرور کارروائی ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید