اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے مرغزار چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت کے معاملے پر وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل، سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ناہید درانی اور وزیراعظم کے ایڈوائزر برائے ماحولیات ملک امین اسلم سمیت اسلام آباد وائلڈلائف مینجمنٹ بورڈ کے تمام ممبران کو توہین عدالت میں شوکاز نوٹسز جاری کرتے ہوئے 27 اگست تک جواب طلب کرلیا ہے۔ منگل کو چیف جسٹس اطہر من اللہ نے چڑیا گھر کے جانوروں کی ہلاکت کے معاملے پر سماعت کی تو سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ وزارت قانون نے رائے دی کہ کابینہ کا کوئی رکن اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ مینجمنٹ کا ممبر نہیں ہو سکتا ، وہ واقعہ کی تمام ذمہ داری قبول کرتی ہیں۔