وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب نے سندھ میں طوفانی بارشوں کے باعث حیسکو اور سیپکو کو ریڈالرٹ رہنے کی ہدایت کر دی، دونوں کمپنیوں کے تمام ضروری اسٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں۔
وفاقی وزیر نے بارشوں کے باعث کے الیکٹرک کو بھی بجلی کے نظام میں خلل کو فوری دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی وزیر پاور عمر ایوب خان نے سندھ میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے سندھ کے علاقوں بالخصوص حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور ٹنڈو اللّٰہ یار میں ایمرجنسی کے نفاذ پرحیسکو اور سیپکو کو ریڈ الرٹ رہنے اور صارفین کی متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی میں بھرپور مدد کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
وفاقی وزیر نے ان بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو تمام ضروری اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرنے اور ڈیوٹیاں لگانے کی بھی ہدایات کی۔
انہوں نے کہا کہ ان بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں فوری طور پر ایمرجنسی کنٹرول روم بھی قائم کئے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کے الیکٹرک کو بھی کراچی میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں بجلی کے نظام میں خلل کو فوری دور کرنے اور عوام کی حفاظت کیلئے تمام تر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔